کھیل

چیمپئینز ٹرافی: بھارت کا پاکستان سے میزبانی چھیننے کا سنسنی خیز منصوبہ آگیا

بھارت نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ اگر پاک بھارت میچز نہیں ہوتے تو وہ آئی سی سی کے براڈکاسٹرز کو زرتلافی ادا کرے گا

نئی دہلی(ویب ڈیسک) آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی پاکستان سے چھیننے کا بھارتی بورڈ کا نیا منصوبہ سامنے آیا ہے، جس میں سیکیورٹی کے بہانے پاکستان آنے سے انکار کے بعد بھارت نے ایونٹ کی میزبانی خود کے نام کرنے کا ارادہ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی کے فیصلے میں تاخیر کی صورت میں میزبانی کے لیے خود کو پیش کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ رپورٹس کے مطابق، بھارت نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ اگر پاک بھارت میچز نہیں ہوتے تو وہ آئی سی سی کے براڈکاسٹرز کو زرتلافی ادا کرے گا، اور اس حوالے سے مذاکرات بھی جاری ہیں۔پاکستانی کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے ایونٹ میں شریک دیگر بورڈ ممبران سے مشاورت کا عمل تیز کر دیا ہے تاکہ بھارتی لابی کو مؤثر جواب دیا جا سکے۔یاد رہے کہ بھارتی ٹیم نے آخری بار 2008 میں ایشیاکپ کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد وہ سیکیورٹی کے بہانے پاکستان آنے سے انکار کرتی رہی ہے، حالانکہ پاکستانی ٹیم نے 2023 ورلڈ کپ کے لیے بھارت کا دورہ کیا تھا۔ آئی سی سی کے فیوچر ٹور پروگرام کے تحت پاکستان کو چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی کی منظوری دی گئی تھی، اور اس بات پر اکتوبر 2024 کے ابتدائی شیڈول پر بھی سوال نہیں اٹھایا گیا تھا۔ تاہم، بھارت نے اچانک ایونٹ شروع ہونے سے صرف چند مہینے پہلے میچز کھیلنے سے انکار کر دیا۔ اس کے بعد بعض ذرائع نے بتایا کہ ایونٹ کے بھارتی میچز سری لنکا یا دبئی منتقل کیے جانے کا امکان تھا، لیکن پاکستان کے انکار کے بعد ایونٹ جنوبی افریقہ منتقل کرنے کی باتیں ہونے لگیں، تاہم جنوبی افریقی بورڈ نے اس حوالے سے لاعلمی ظاہر کی۔
یہ ایونٹ 1996 کے بعد پاکستان میں ہونے والا پہلا آئی سی سی ایونٹ تھا، لیکن بھارت کی جانب سے اس کی میزبانی منتقل کرنے کے لیے دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button