انڈیا کی شکست ،کرکٹ شائقین کی کوہلی اور روہت شرما پر سخت تنقید
آسٹر یلیا سے شکست پر بھارت کے کرکٹ شائقین نے کوہلی اور روہت شرما کو سو شل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا

میلبرن (مانیٹر نگ ڈیسک )میلبرن میں کھیلے جانے والی آسٹریلیا بمقابلہ انڈیا کرکٹ سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انڈیا کو شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔ انڈیا کی شکست پر سوشل میڈیا صارفین اپنی ٹیم کو خوب تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ خاص طور پر ویرات کوہلی اور روہت شرما کو شدید تنقید کا سامناہے۔
سوشل میڈیا پر ایک صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ اپنی میراث کو برباد کرنے کے ذمہ دار روہت شرما اور ویرات کوہلی ہیں۔ اگر وہ اب بھی ریٹائر نہیں ہوتے تو سلیکٹرز کو بغیر کسی تاخیر کے انھیں باہر جانے کا دروازہ دکھانا ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں انڈین ٹیم میں دیکھنا تمام شائقین کے لیے ذلت آمیز اور شرمناک ہے۔
ایک صارف لکھتے ہیں کہ آسٹریلیا کے ساتھ ٹیسٹ سیریز دونوں کھلاڑیوں کے لیے ایک بھیانک خواب ثابت ہوئی ہے۔ اب انہیں چاہیے کہ جیسے عزت سے ٹی20 ورلڈکپ کے بعد انہوں نے ریٹائرمنٹ لی تھی اسی طرح اب عزت کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ لے لیں اس سے پہلے کے ان کو ڈراپ کردیا جائے۔



