چیمپئنز ٹرافی، بھارت کے اوچھے ہتھکنڈے، نیا تنازع کھڑا کرنے کی کوشش
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے منظور شدہ لوگو پر میزبان کی حیثیت سے پاکستان کا نام لکھا ہوا ہے تاہم بھارتی میڈیا واویلا کر رہا ہے اور ایک بار پھر تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کر رہا ہے

ممبئی (سپورٹس ڈیسک) چیمپئنز ٹرافی شروع ہونے سے قبل بھارت کے اوچھے ہتھکنڈے جاری ہیں کیونکہ بھارت چیمپئنز ٹرافی کے معاملہ پر ایک نیا تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے منظور شدہ لوگو کو شرٹ پر لگانے کے معاملے پر بھارت کی جانب سے ایک اور تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کی جانے لگی۔ چیمپئنز ٹرافی میں تمام ٹیموں کے لیے آئی سی سی کا منظور شدہ لوگو لگانا لازمی ہے لیکن بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کی کٹ پر پاکستان کا نام نہیں لکھا ہوگا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے منظور شدہ لوگو پر روایتی طور پر میزبان کی حیثیت سے پاکستان کا نام لکھا ہوا ہے تاہم بھارتی میڈیا واویلا کر رہا ہے اور ایک بار پھر تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ بھارت نے شرٹ پر پاکستان کا نام لکھنے سے انکار کردیا ہے اور پی سی بی نے اس پر ناگواری کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا کی ان حرکات سے کئی سوالات نے جنم لے لیا ہے کہ کیا بھارت ایک بار پھر تنازع کھڑا کرنا چاہتا ہے؟ کیا آئی سی سی اپنے قوانین کی پابندی کرائے گا یا بھارت پاکستان کا نام نہ لکھ کر آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی کرے گا؟ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق تمام ٹیموں کے لیے آئی سی سی کا منظور شدہ لوگو استعمال کرنا لازمی ہے، تمام ٹیمیں پلیئنگ اور ٹریننگ کٹس آئی سی سی کو منظوری کے لیے بھیجتی ہیں، لوگو کا درست استعمال نہ ہونے پر آئی سی سی فوری طور پر کٹ کو مسترد کر دیتی ہے، لوگو کا درست استعمال نہ کرنا کلودنگ اینڈ ایکوپمنٹ ریگولیشن کی خلاف ورزی ہوگی۔