فائنل سے قبل نیوزی لینڈ کو بڑا دھچکا ،اہم کھلاڑی کی شرکت مشکوک
نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے میٹ ہنری کی انجری کے بارے میں بتایا کہ کیوی پیسر کی فائنل میں شرکت کے امکانات تاحال غیر یقینی ہیں

دبئی(سپورٹس ڈیسک )آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل نو مارچ کو دبئی میں کھیلا جانا ہے لیکن اس سے قبل نیوزی لینڈ کے اہم بولر میٹ ہنری کی فائنل الیون میں انٹری مشکوک ہو گئی ہے ۔دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے میٹ ہنری کی انجری کے بارے میں بتایا کہ کیوی پیسر کی فائنل میں شرکت کے امکانات تاحال غیر یقینی ہیں۔
میٹ ہنری چیمپئنز ٹرافی کے سب سے کامیاب بولر ہیں جنہوں نے 16.70 کی اوسط سے 10 وکٹیں حاصل کیں جب کہ انہوں نے 2 مارچ کو دبئی میں بھارت کے خلاف گروپ میچ میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
33 سالہ میٹ ہنری لاہور میں جنوبی افریقا کے خلاف سیمی فائنل میں کیچ لیتے ہوئے انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد میٹ ہنری تکلیف میں دکھائی دیے اور گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے مگر میٹ ہنری نے انجری کے ساتھ ہی جنوبی افریقا کی اننگز کے آخر میں 2 اوورز بھی کرائے تھے۔