بنگلہ دیش کا دورہ پاکستان، پاکستان نے بھارت کو دھول چٹا دی
بنگلا دیش اور پاکستان کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے اور تینوں ہی لاہور میں ہوں گے' محسن نقوی کی فاروق احمد سے طویل ملاقات ہوئی

دبئی (سپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش ٹیم کا دورہ پاکستان کے حوالے سے پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو دھول چٹا دی ہے کیونکہ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے پاکستان آنے کی حامی بھر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین و صدر فاروق احمد کے درمیان طویل ملاقات کے بعد فیصلہ ہوا جس میں طے پایا کہ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم سیریز کھیلنے پاکستان کے دورے پر آئے گی۔ بنگلا دیش اور پاکستان کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے اور تینوں ہی لاہور میں ہوں گے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دورہ پاکستان فائنل کرنے پر بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین و صدر سے اظہار تشکر کیا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی پروپیگنڈے کے باعث بنگلا دیش ٹیم کے کھلاڑیوں نے پہلے پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کرلیا تھا جس کے بعد محسن نقوی آج خصوصی طور پر ایک روزہ دورے پر دبئی پہنچے۔ محسن نقوی نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے اعلی عہدیداران سے ملاقاتیں کیں اورکئی گھنٹے طویل مذاکرات کے بعد چیئرمین پی سی بی نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کو پاکستان آنے پر قائل کیا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان بنگلادیش سیریز کی تاریخوں کا اعلان ایک دو روز میں کیا جائے گا، سیریز طے ہوگئی ہے اور تاریخیں بھی جلد طے ہوجائیں گی۔