جیولن تھرو کے ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ارشد ندیم تاحال انعامات سے محروم ،متعدد بزنس مین چونا لگا گئے
ارشد ندیم کو وعدے کے باوجود انعام نہ دینے والوں میںسب سے اہم نام نجی ٹی وی چینل کے مالک سلمان اقبال کا ہے جنہوں نے اعلان کیا تھا کہ ارشد ندیم کو گوجرانولہ اے آر وائی لگون میں ایک اپارٹمنٹ دیا جائے گا

لاہور(سپورٹس ڈیسک)اولمپکس میں جیولن تھرو کے ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ارشد ندیم تاحال انعامات سے محروم ،متعدد بزنس مین چونا لگا گئے،رپورٹ کے مطابق پاکستان کے ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے نہ صرف طلائی تمغہ حاصل کیا بلکہ پاکستانی قوم کا ان عالمی کھیلوں میں میڈل کے حصول کا 3 دہائیوں سے جاری انتظار بھی ختم کیا تھا۔ارشد ندیم نے یہ کارنامہ 92.97 میٹر فاصلے پر نیزہ پھینک کر سرانجام دیا جو ان کے کریئر کی بہترین کارکردگی بھی ہے۔ یہ ارشد ندیم کے کریئر کی سب سے بڑی جبکہ دنیا میں اب تک پھینکی جانے والی چھٹی سب سے طویل جیولن تھرو تھی۔ارشد نے اس مقابلے میں اپنی آخری تھرو بھی 90 میٹر سے زیادہ فاصلے پر پھینکی تھی۔
ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں گولڈ میڈل حاصل کیا تو ہر طرف سے انعامات کی برسات ہونے لگی۔ حکومت سمیت پاکستان کے بڑے بزنس مین، سنگرز اور عام عوام نے بھی دل کھول کر انعامات کا اعلان کیا۔
ارشد ندیم کو مل کر میڈیا کے ذریعے انعامات دینے کا وعدہ کرنے والوں نے کیا ارشد ندیم کو انعامات دیے ہیں اس پر ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے انعامات ارشد ندیم کو مل گئے ہیں مگر پاکستانی بزنس مین حلقوں نے ارشد ندیم کو یہاں بھی چونا لگا دیا۔
ذرائع کے مطابق ارشد ندیم کو وعدے کے باوجود انعام نہ دینے والوں میںسب سے اہم نام نجی ٹی وی چینل کے مالک سلمان اقبال کا ہے جنہوں نے اعلان کیا تھا کہ ارشد ندیم کو گوجرانولہ اے آر وائی لگون میں ایک اپارٹمنٹ دیا جائے گا۔ 9 ماہ گزرنے کے باجود ارشد ندیم کو اب تک سلمان اقبال کی طرف کوئی اپاڑٹمنٹ گفٹ نہیں کیا گیا۔