دوسرا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان کو شکست، بنگلا دیش کی فیصلہ کن برتری
میر پور میں کھیلے جانیوالے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بنگلادیش کے 134 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم آخری اوور میں 125 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی

میر پور (سپورٹس ڈیسک) میر پور میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد بنگلا دیش نے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 8 رنز سے شکست دے کر سیریزمیں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ بنگلا دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز کی آخری گیند پر 133 رنز پر آؤٹ ہوگئی، ذاکر علی نے 55 اور مہدی حسن نے 33 رنز کی اننگز کھیلیں۔ پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا ،عباس آفریدی اور احمد دانیال نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، فہیم اشرف اور محمد نواز ایک،ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ بنگلادیش کے 134 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم آخری اوور میں 125 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف کے علاوہ کوئی بھی بیٹر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، فہیم اشرف نے 32 گیندوں پر 51 رنز کی اننگ کھیلی۔ ان کے علاوہ عباس آفریدی نے 19 اور دانیال نے 17 رنز بنائے۔ بنگلادیش کی جانب سے شریف الاسلام نے 3 اور مہدی حسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ قومی ٹیم میں آج ایک تبدیلی کی گئی ، ابرار احمد کی جگہ احمد دانیال کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔