بھارت انگلینڈ میچ تنازع، بین سٹوکس نے خاموشی توڑ دی
جڈیجا اور سندر نے شاندار اننگز کھیلی، ہماری ٹیم نے میچ کو جیتنے کی آخری حد تک پہنچایا 'جب اندازہ ہوا کہ نتیجہ ممکن نہیں تو میں نے اپنے بولرز کو مزید تھکانے کا خطرہ مول نہیں لیا

مانچسٹر(سپورٹس ڈیسک) بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے وال چوتھے ٹیسٹ کے آخری روز بننے والے تنازع پر انگلش کپتان بین سٹوکس نے خاموشی توڑ کر سب کو حیران کر دیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کا کہنا تھا کہ جڈیجا اور سندر نے شاندار اننگز کھیلی، ہماری ٹیم نے میچ کو جیتنے کی آخری حد تک پہنچایا لیکن جب اندازہ ہوا کہ نتیجہ ممکن نہیں تو میں نے اپنے مرکزی بولرز کو مزید تھکانے کا خطرہ مول نہیں لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنچری سے10 رنز کم ہوں یا زیادہ، اصل بات یہ ہے کہ آپ نے اپنی ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا، یہی اصل کامیابی ہے۔ بین اسٹوکس نے آخری اوورز میں ہیری بروک کو گیند تھمائی جو فل ٹائم بولر نہیں ہیں جس پر سوشل میڈیا پر خاصی تنقید بھی ہوئی۔ انہوں نے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور اگلے میچ کی تیاری ان کے پیش نظر تھی۔
واضح رہے کہ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب بین اسٹوکس نے میچ کے آخری دن کھیل کو ڈرا کرنے کی پیشکش کی، اس وقت بھارتی کھلاڑی رویندر جڈیجا اور واشنگٹن سندر اپنی سنچریوں کے قریب تھے۔ اسی وجہ سے بھارتی کھلاڑیوں نے یہ پیشکش مسترد کرتے ہوئے کھیل جاری رکھا۔ بعد ازاں ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں کہا گیا کہ اسٹوکس نے میچ کے اختتام پر سب سے مصافحہ کیا لیکن جڈیجا سے نہیں کیا اور جڈیجا کی باری آتے ہی انہوں نے منہ موڑ لیا۔