شکاگو میراتھون، کتنے پاکستانی ایکشن میں ہونگے؟ پتا چل گیا

کراچی (سپورٹس ڈیسک) شکاگو میرا تھون میں کتنے پاکستانی حصہ لے رہے ہیں اس حوالے سے تمام تر اعدادو شمار اور حصہ لینے والوں کے نام بھی سامنے آگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی دستے میں نمایاں نام معروف میراتھون رنر فصیل شفیع کا ہے جو دوسری مرتبہ شکاگو میراتھون دوڑیں گے، وہ اس بار ایک اہم مقصد لیے اس دوڑ میں شریک ہوں گے۔ 43 سالہ فصیل شفیع بین الاقوامی سطح پر گنیز ریکارڈز کے حامل بھی ہیں اور اس بار شکاگو میراتھون کے ذریعے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 50 لاکھ روپے جمع کرنے کا ہدف رکھتے ہیں۔ یہ فنڈز اقوامِ متحدہ کے ریلیف پروگرام کے ذریعے متاثرین میں تقسیم کیے جائیں گے۔
فیصل شفیع حال ہی میں سڈنی میراتھون مکمل کر کے دنیا کے چند ان ایتھلیٹس میں شامل ہو چکے ہیں جنہوں نے سیون اسٹار اعزاز حاصل کیا۔ وہ تیز ترین وقت میں فوجی وردی پہن کر میراتھون مکمل کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔ فصیل شفیع نے روانگی سے قبل جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ اس سال شکاگو میں وہ ایک مقصد کے لیے دوڑیں گے، میراتھون صرف ذاتی کامیابی کا نام نہیں، یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے اہم معاملات پر آگاہی پیدا کی جاسکتی ہے۔ ان کا کنا تھا کہ کہ "ہمارے ملک کے لوگ اب بھی سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثر ہیں، اور ہر کسی کو آگے بڑھ کر ان کی مدد کرنی چاہیے۔”
شکاگو میراتھون دنیا کی سات نمایاں "ورلڈ میراتھون میجرز” میراتھونز میں سے ایک ہے جو اپنے ہموار، تیز اور خوبصورت راستے کے باعث شہرت رکھتی ہے۔ 1977 میں پہلی بار منعقد ہونے والی یہ میراتھون آج دنیا کی مقبول ترین ریسز میں سے ایک ہے جس میں ہزاروں رنرز حصہ لیتے ہیں۔ رن کا آغاز اور اختتام گرانٹ پارک میں ہوتا ہے جبکہ اسکا روٹ شکاگو کے 29 علاقوں سے گزرتا ہے جن میں لنکن پارک، چائنا ٹان، وِرِگلی وِل اور دی لوپ جیسے اہم مقامات شامل ہیں۔ ہزاروں تماشائی کورس کے کنارے کھڑے ہو کر رنرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور اس ایونٹ کو ایک تہوار جیسا ماحول دیتے ہیں۔