کرکٹ میں نئی تاریخ رقم، باپ اور بیٹا ایک ہی ٹیم کے کھلاڑی بن گئے

کابل (سپورٹس ڈیسک) کرکٹ میں نئی تاریخ رقم ‘ بنگلا دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں باپ اور بیٹا ایک ہی ٹیم کے کھلاڑی منتخب ہوئے، یہ کرکٹ کی تاریخ کا پہلا واقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق بی پی ایل میں نوکھالی ایکسپریس کی طرف سے کھیلتے ہوئے حسن عیسیٰ خیل نے والد کے ساتھ چوتھی وکٹ کیلئے 53 رنزکی پارٹنرشپ قائم کی اور اس دوران 19 سالہ حسن عیسیٰ خیل نے 60 گیندوں پر 92 رنز بنائے۔ محمد نبی اور ان کے بیٹے کی جوڑی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں ایک ٹیم سے کھیلنے والے باپ بیٹے کی پہلی جوڑی بن گئی۔
اس موقع پر محمد نبی نے کہا کہ اپنے بیٹے کیساتھ کھیلنے پر کافی خوش ہوں، بیٹے کے ساتھ کھیلنے کیلئے کافی عرصے سے انتظار کررہا تھا، بیٹے کو پروفیشنل کرکٹر بنایا اور اس نے ڈیبیو پر اچھی پرفارمنس دکھائی، میچ سے ایک دن قبل90 منٹ تیاری کی، بیٹے کوبتاتا رہا کس طرح کی بولزکا سامنا کرناپڑیگا۔ اس موقع پر حسن عیسیٰ خیل نے کہا کہ ہم اچھے دوست ہیں، والد سخت مزاج نہیں لیکن ٹریننگ میں سختی کرتے ہیں، افغانستان نیشنل ٹیم کی جانب سے کھیلنا میرا خواب ہے۔ اس میچ میں نوکھالی ایکسپریس نے ڈھاکا کیپیٹلزکو 41 رنز سے شکست دی تھی۔



