پہلا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان کی آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست

لاہور(سپورٹس ڈیسک) 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے سلسلے میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم آسٹریلیا کو 22 رنز سے شکست دے دی ہے ، پاکستان نے کتنے رنز بنائے؟
تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں8وکٹوں کے نقصان پر168 رنز بنائے۔ صائم ایوب 40 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔ جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں8 وکٹوں پر 146 رنز بناسکی۔
آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا، میچ کی پہلی ہی گیند پر صاحبزادہ فرحان صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ ایک وکٹ گرنے کے بعد صائم ایوب اور کپتان سلمان علی آغا نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور دلکش شاٹس کھیلے تاہم 74 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد سلمان علی آغا 39، بابر اعظم 24، فخر زمان 10، عثمان خان 18، شاداب ایک اور شاہین صفر پر آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔یوں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے جبکہ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا نے 24 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بارلیٹ اور بیئرڈمین نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کے 169 رنز کے ہدف کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم زیادہ کھل کر نہیں کھیل سکی اور 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 146 رنز بناسکی۔ آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین 36 اور بارلیٹ نے 34 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور ابرار احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آٹ کیا۔ گرین شرٹس کو 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔



