ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل امریکی ٹیم کا اہم کھلاڑی معطل

دبئی (سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026ء سے قبل ہی امریکا کی کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی کو معطل کیوں کیا؟ تفصیلات سامنے آگئیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق آئی سی سی نے امریکی بیٹر ایرون جونز کو آئی سی سی اور کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی) کے اینٹی کرپشن کوڈز کی خلاف ورزی پر عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا۔ آئی سی سی کے مطابق31 سالہ بیٹر پر عائد الزامات کا زیادہ تر تعلق بِم 10 ٹورنامنٹ 2023-24 سے ہے، جو سی ڈبلیو آئی اینٹی کرپشن کوڈ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، جبکہ2 الزامات انٹرنیشنل میچز سے متعلق ہیں جو آئی سی سی کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں۔
ایرون جونز پر درج ذیل الزامات عائد کیے گئے ہیںان میں بِم 10 ٹورنامنٹ 2023/24 میں میچ کے نتیجے، پیش رفت، طرزِ عمل یا کسی بھی پہلو کو فکس کرنے، سازش کرنے یا غیر قانونی طور پر متاثر کرنے (یا اس کی کوشش کرنے) کا الزام ہے۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز کو ایسی کسی پیشکش یا رابطے کی تفصیلات فراہم نہ کرنا جو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہوں۔ نامزد اینٹی کرپشن افسر کی جانب سے کی جانے والی معقول تحقیقات میں تعاون نہ کرنا یا انکار کرنا۔ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ (ACU) کو کرپٹ سرگرمیوں سے متعلق موصول ہونے والی پیشکشوں یا رابطوں کی مکمل تفصیلات فراہم نہ کرنا۔ ممکنہ کرپٹ سرگرمیوں کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنا، معلومات چھپانا یا ان میں ردوبدل کرنا جو شواہد بن سکتی تھیں۔
آئی سی سی کے مطابق یہ الزامات ایک وسیع تر تحقیقات کا حصہ ہیں، جس کے نتیجے میں آئندہ دنوں میں دیگر افراد کے خلاف بھی الزامات عائد کیے جا سکتے ہیں۔ آئی سی سی نے بتایا کہ ایرون جونز کو فوری طور پر ہر قسم کی کرکٹ سے معطل کر دیا گیا ہے اور انہیں 28 جنوری 2026 سے 14 دن کے اندر الزامات کا جواب دینا ہوگا۔ ایرون جونز کی معطلی آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے چند دن قبل سامنے آئی ہے، جو 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں منعقد ہوگا۔



