دوسرا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان کا آسٹریلیا کو جیت کیلئے 199رنز کا ہدف

لاہور(سپورٹس ڈیسک) لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے مہمان ٹیم آسٹریلیا کو جیت کے لئے 199 رنز کا ہدف دیا جبکہ سلمان آغا 76رنز بنا کر نمایاں رہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز اسکور کیے۔سلمان آغا 76 رنز بناکر نمایاں رہے۔
دوسرے ٹی ٹوٹنٹی میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ عثمان طارق، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور فخر زمان کو آرام دیا گیا ہے۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہے، پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 26 رنز سے شکست دی تھی۔



