واٹس ایپ کے 5ایسے خفیہ فیچرز سامنے آئے جن کو جان کر سب حیران رہ گئے
ڈس اپیئرنگ میسجز ٹرن آن کریں' اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن بیک اپ ان ایبل کریں' حساس چیٹس کو لاک کریں' نامعلوم نمبروں کی کالز میوٹ کریںاور واٹس ایپ کالز کے دوران آئی پی ایڈریس چھپائیں
امریکا( مانیٹرنگ ڈیسک) واٹس ایپ کا آغاز ایک عام میسجنگ سروس کے طور پر ہوا تھا جس کا مقصد لوگوں کو اپنے دوستوں اور رشتے داروں سے رابطہ کرنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔
تفصیلات کے مطابق بتدریج واٹس ایپ کو آل ان ون (all in one) سوشل پلیٹ فارم میں تبدیل کیا جا رہا ہے جس میں اسٹوریز، چینلز، کمیونٹیز، ڈیجیٹل اواتارز، گروپ کالز اور دیگر متعدد فیچرز موجود ہیں اور اس کے صارفین کی تعداد بھی 2 ارب سے زائد ہے۔ میٹا کی زیرملکیت اس میسجنگ سروس کی جانب سے واٹس ایپ اکانٹس کے تحفظ کے لیے متعدد پرائیویسی فیچرز بھی گزشتہ برسوں کے دوران متعارف کرائے گئے ہیں۔ واٹس ایپ کی پرائیویسی ڈائریکٹر عظمی حسین نے ایسے 5 فیچرز کی نشاندہی کی ہے، جو صارفین کے اکانٹس کو ممکنہ سکیورٹی خطرات سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
ڈس اپیئرنگ میسجز ٹرن آن کریں
واٹس ایپ صارفین اس فیچر کے ذریعے اپنے تمام میسجز اور ملٹی میڈیا فائلز کو مخصوص وقت کے بعد غائب کر سکتے ہیں۔ اس فیچر کو ان ایبل کرنے کے لیے سیٹنگز میں پرائیویسی کے سیکشن میں جاکر ڈیفالٹ میسج ٹائمر کے آپشن پر کلک کریں۔ وہاں 24 گھنٹے، 7 دن اور 90 دن کے آپشن نظر آئیں گے جس میں سے اپنی پسند کے کسی ایک کا انتخاب کریں۔
اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن بیک اپ ان ایبل کریں
ویسے تو واٹس ایپ میں ذاتی میسجز کے لیے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا فیچر بائی ڈیفالٹ کام کرتا ہے مگر بیک اپ کے لیے آپ کو خود ایسا کرنا ہوتا ہے۔ جب آپ اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن بیک اپ ڈیٹا کے لیے ان ایبل کرتے ہیں تو کوئی بھی (واٹس ایپ بھی) اس تک رسائی حاصل نہیں کرسکتا۔ اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے واٹس ایپ سیٹنگز میں جاکر چیٹس اور پھر چیٹ بیک اپ آپشن پر کلک کریں۔ وہاں اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ بیک اپ پر کلک کرکے اسے ان ایبل کر دیں۔
حساس چیٹس کو لاک کریں
چیٹ لاک فیچر مئی 2023 میں متعارف کرایا گیا تھا جس کے ذریعے مختلف چیٹس کو ایک فولڈر میں محفوظ کیا جاتا ہے جبکہ ان تک رسائی فون ان لاک کے طریقہ کار سے ممکن ہوتی ہے۔ ان چیٹس کو اب سیکرٹ کوڈ کے ذریعے زیادہ تحفظ فراہم کیا جا سکتا ہے۔ اس فیچر سے جس چیٹ کو لاک کرنا چاہتے ہیں، اسے اوپن کریں اور اوپر پروفائل نیم پر کلک کرکے لاک چیٹ آپشن کا انتخاب کریں۔
نامعلوم نمبروں کی کالز میوٹ کریں
واٹس ایپ نے جون میں نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالز کو خودکار طور پر میوٹ کرنے کے فیچر کا اضافہ کیا تھا۔ اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے سیٹنگز میں پرائیویسی پر کلک کریں اور وہاں کالز کے آپشن میں جاکر Silence Unknown Callers کو ان ایبل کر دیں۔
واٹس ایپ کالز کے دوران آئی پی ایڈریس چھپائیں
اس فیچر کے ذریعے صارفین صارفین واٹس ایپ پر کالز کے دوران آئی پی ایڈریس کو چھپا سکتے ہیں۔ اس فیچر کو ان ایبل کرنے پر دیگر افراد کے لیے آپ کی لوکیشن کے بارے میں جاننا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے واٹس ایپ اوپن کرکے سیٹنگز میں جائیں۔ سیٹنگز میں پرائیویسی کے سیکشن میں ایڈوانسڈ آپشن کو سلیکٹ کریں۔ وہاں پروٹیکٹ آئی پی ایڈریس ان کالز کے آپشن پر کلک کرکے اسے ان ایبل کر دیں۔