گوگل میپس میں حیران کن فیچر کا اضافہ، صارفین خوشی سے نہال
9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق گوگل میپس میں سیٹلائیٹ کنکشن کے فیچر پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین ایسے مقامات پر بھی اس سروس کو استعمال کر سکیں
برطانیہ(مانیٹرنگ ڈیسک) گوگل میپس میں ایک ایسے فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو صارفین کی جان بچانے کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگا’ جس کے بعد صارفین خوشی سے نہال ہو گئے ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق 9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق گوگل میپس میں سیٹلائیٹ کنکشن کے فیچر پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین ایسے مقامات پر بھی اس سروس کو استعمال کر سکیں جہاں موبائل یا وائی فائی نیٹ ورک سے کنکٹ کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ رپورٹ کے مطابق گوگل میپس کے بیٹا (beta) ورژن میں موجود نئے کوڈ میں اس فیچر کا حوالہ دیا گیا ہے۔ اس کوڈ سے عندیہ ملتا ہے کہ گوگل میپس میں صارفین کی لوکیشن کا تعین سیٹلائیٹ کنکشن کے ذریعے ہوسکے گا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کوڈ سے یہ بھی اشارہ ملتا ہے کہ صارفین کے پاس گوگل میپس میں ایک دن میں 5 بار سیٹلائیٹ کنکشن کے ذریعے لوکیشن اپ ڈیٹ کرنے کا آپشن ہوگا۔ یہ فیچر ایسے حالات میں جان بچانے میں مددگار ثابت ہوگا جب موبائل یا وائی فائی سگنل دستیاب نہیں ہوں گے مگر یہ فیچر صرف ان فونز میں ہی کام کرے گا جن میں سیٹلائیٹ کنکٹویٹی کی سہولت موجود ہوگی۔
گوگل کے نئے فونز میں ممکنہ طور پر یہ آپشن موجود ہوگا مگر دیگر اینڈرائیڈ کمپنیوں میں اس حوالے سے کتنا کام کیا جا رہا ہے، یہ ابھی کہنا مشکل ہے۔ اس سے قبل مختلف رپورٹس میں خیال ظاہر کیا گیا تھا کہ گوگل کے نئے اینڈرائیڈ 15 آپریٹنگ سسٹم میں سیٹلائیٹ میسجز سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ یہ فیچر آئی فونز میں 2022 سے دستیاب ہے مگر اینڈرائیڈفونز کے لیے اب اسے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ اینڈرائیڈ 15 میں ایمرجنسی سروسز کے ساتھ ساتھ اس فیچر کے ذریعے کسی بھی فرد کو میسج بھیجنا ممکن ہوگا۔ گوگل کی سالانہ کانفرنس 14 مئی کو شروع ہوگی جس میں ممکنہ طور پر اس حوالے سے تفصیلات جاری کی جائیں گی۔