ٹیکنالوجی

آئی فون 15 پرو اورآئی فون 15 پرومیکس کتنا کم وزن اور کس قدرمہنگا ہوگا؟

ایپل کے مطابق آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس میں کیمرہ کی استعداد بڑھائی گئی ہے

کم وزن کا مضبوط ٹائٹینیئم ڈیزائن، نیا ایکشن بٹن اور طاقتور کیمرہ تو ہے ہی، اس مرتبہ ایپل کے متعارف کردہ فلیگ شپ آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس میں خاصا کچھ ایسا ہے جو صارفین کی توجہ حاصل کر سکے۔ ایپل کے مطابق نئے فونز خلائی سائنس میں استعمال ہونے والی دھات ٹائٹینیئم سے مزین ہیں۔ ایسا کرنے کی وجہ سے نئے فون وزن میں ہلکے مگر مضبوط ہیں۔

آئی فون بنانے والی کمپنی کے مطابق ان کا نیا پرو ماڈل وزن کے اعتبار سے اب تک متعارف کرایا گیا ہلکا ترین فون ہے۔ نیا فون استعمال کرنے والوں کے پاس موقع ہو گا کہ وہ کسٹمائز ایبل ایکشن بٹن کی موجودگی میں اپنی پسند کے مطابق آئی فون کو سیٹ رکھ سکیں۔

ایپل کے مطابق آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس میں کیمرہ کی استعداد بڑھائی گئی ہے جس کے بعد صارفین سات پرو لینسس جیسی کوالٹی کے ویژولز حاصل کر سکیں گے۔ نئے کیمرے اب 24 ایم پی سپر ہائی ریزولوشن پر کام کریں گے۔ کیمروں کی استعداد بڑھنے کی وجہ سے نائٹ موڈ، فوکس اور ڈیپتھ کنٹرول بھی ماضی کی نسبت مزید بہتر رہے گا۔

ایپل کا دعوی ہے کہ نئے فون میں لگایا گیا یو ایس بی سی کنیکٹر یو ایس بی 3 اسپیڈ کے ساتھ یو ایس بی 2 کی نسبت 20 گنا زیادہ تیز کام کرے گا۔ 6.1 اور 6.7 انچ ڈسپلے سائزز کے ساتھ نئے آئی فونز میں وہ دھات استعمال کی گئی ہے جو خلائی جہازوں میں استعمال ہوتی ہے۔

نئے ایکشن بٹن میں ماضی کی طرح صرف سائلنٹ کرنے یا نارمل موڈ میں رکھنے سے زیادہ فنکشنز رکھے گئے ہیں۔ اب صارفین اسی بٹن کے ذریعے کیمرہ یا فلیش لائٹ کو استعمال کر سکیں گے۔ وائس میموز، فوکس موڈ، ٹرانسلیشن اور میگنیفائر جیسے فیچرز تک بھی رسائی حاصل کر سکیں گے۔

موبائل سازی کی صنعت میں پہلی مرتبہ تین نینومیٹر کی نئی اے 17 چپ کی وجہ سے ایپل کو توقع ہے کہ نئے فون کے سی پی یو 10 گنا تیزرفتار ہوں گے۔ نیورل انجم بھی پہلے سے دو گنا تیز ہو گا جو آئی او ایس 17 میں آٹو کوریکٹ اور پرسنل وائس فیچرز کو مزید بہتر کرنے کا باعث بنے گا۔

نئے فون میں صارفین اب اپنی پسندیدہ ایسی گیمز سے محظوظ ہو سکیں گے جو اس سے قبل صرف گیمنگ کنسول پر ہی کھیلی جا سکتی تھیں۔ ریزیڈنٹ ایول ویلیج، ویزیڈنٹ ایول 4، ڈیتھ اسٹرینڈنگ اور اسیسنز کریڈ جیسی گیمز اب نئے فونز پر دلچسپ مواقع مہیا کریں گے۔

ایپل کے مطابق اے 17 ]رو میں اے وی 1 ڈی کوڈر شامل کیا گیا ہے جس کی وجہ سے مزید ہائی کوالٹی اور موثر ویڈیو اسٹریمنگ سروسز استعمال ہو سکیں گے۔

نئے یو ایس بی کنٹرولر کی وجہ سے پہلی مرتبہ آئی فون پر یو ایس بی 3 تھری اسپیڈ استعمال ہو سکے گی۔ اس کے نتیجے میں ویڈیو آؤٹ پٹ کو 4کے تک اور 60 فریم فی سیکنڈ تک بڑھایا جا سکے گا۔ اب صارفین اے 17 پرو کی وجہ سے دونوں نئے فونز کے ذریعے 7 پرولینسز جیسے معیار کے ویژولز حاصل کر سکیں گے۔

آئی او ایس 17 کے نئے فیچرز

آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس میں ایپل نے آپریٹنگ سسٹم کے طور پر آئی او ایس 17 متعارف کروایا ہے۔ نئے آپریٹنگ سسٹم میں ’فون ایپ‘ میں خاصی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ کنٹیکٹ پوسٹرز کے ذریعے صارفین اب طے کر سکیں گے گہ وہ اپنے کنٹیکٹس کو کیسے نظر آئیں۔

لائیو وائس میل کی وجہ سے اب صارفین اس وقت بھی کال وصول کر سکیں گے جب کوئی وائس میل ڈراپ کر رہا ہو۔ ’میسیجز‘ ایپ میں نئے اسٹکرز شامل کیے گئے ہیں۔ سرچ کو مزید بہتر کیا گیا تھا۔ آڈیو میسیجز کے ٹرانسکرپشن مہیا ہو گی۔ چیک ان کے فیچر کی وجہ سے صارفین اپنے دوستوں اور اہلخانہ کو بتا سکیں گے کہ وہ اپنی منزل پر کب پہنچے ہیں۔

’نیم ڈراپ‘ کی وجہ سے ’ایئر ڈراپ‘ کو مزید تنوع کے ساتھ استعمال کرنا ممکن ہو گا۔ اب آئی فون صارفین کنٹیکٹ شیئرنگ کے لیے دو آئی فون ڈیوائسز کو قریب لا کر کنٹیکٹس ٹرانسفر کر سکیں گے۔ اسی طریقے کے تحت ایئرڈراپ کیا جانے والا مواد بھی منتقل کیا جا سکے گا۔

سفاری براؤزر میں پرائیویٹ براؤزنگ کی محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ پروفائلز متعارف کرائی گئی ہیں۔ ان کی وجہ سے صارفین کے لیے ممکن ہو گا کہ وہ ایک ہی فون اور ایک ہی براؤزر پر مختلف پروفائلز بنا کر اپنے الگ الگ کاموں کو مکس ہونے سے بچا سکیں۔ ’جرنل‘ کے نام سے نئی ایپ کے ساتھ ساتھ اب آٹو کوریکٹ اور ڈکٹیشن کے فیچرز بھی ماضی کی نسبت تیز اور آسان ہوں گے۔

آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس کے رنگ

ایپل کے مطابق آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس 4 مختلف رنگوں میں دستیاب ہوں گے۔ سیاہ ٹائٹینیئم، سفید ٹائٹینیئم، نیلے ٹائٹینیئم اور نیچرل ٹائٹینیئم کلر میں میسر ہو گا۔

نئے آئی فون کے پری آرڈر اور دستیابی کب؟

ایپل کے اعلان کے مطابق 15 ستمبر سے آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس کے پری آرڈرز کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

پری آرڈرز کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد نئے آئی فون 22 ستمبر سے امریکی مارکیٹ میں میسر ہوں گے۔

آئی فون 15 پرو کی ابتدائی قیمت 99 ڈالر ہے۔ یہ فون 128 جی بی، 256 جی بی، 512 جی بی اور ایک ٹی بی کی اسٹوریج کے ساتھ میسر ہو گا۔ آئی فون 15 پرو میکس کی ابتدائی قیمت 1199 ڈالر ہے جب کہ یہ 256 جی بی، 512 جی بی اور ایک ٹی بی کی اسٹوریج استعداد کے ساتھ میسر ہو گا۔

امریکا میں ایپل کے صارفین کو آئی فون 11 یا بعد کے سیٹس کے تبادلے کی صورت میں 200 سے 650 ڈالر تک کی کریڈٹ سہولت دی جا رہی ہے۔ آن لائن ایپل اسٹور وزٹ کر کے یا ایپل کے اسٹورز پر خود جا کر کریڈٹ کی سہولت استعمال کی جا سکتی ہے۔

آئی او ایس 17 کی دستیابی 18 ستمبر سے ہو گی جب کہ اسی تاریخ سے آئی کلاؤڈ پلس کے تحت 29.99 ڈالر ماہانہ میں 6 ٹی بی اور 59.99 ڈالر ماہانہ میں 12 ٹی بی اسٹوریج کے دو نئے پلانز بھی صارفین کو میسر ہوں گے۔

پاکستان میں نئے آئی فون کی قیمت

پاکستانی ٹیکنالوجی انڈسٹری کے مطابق نیا آئی فون دستیابی کے فورا بعد پاکستان میں تقریبا 8 لاکھ روپے تک میں میسر ہو گا۔ فون ڈیلرز کو توقع ہے کہ اوائل اکتوبر سے دستیاب آئی فونز مقامی ٹیکسوں کی ادائیگی کے بعد کم ہو کر 6 تا 7 لاکھ روپے میں میسر ہو گا۔

ڈیلرز کو توقع ہے کہ اگر نئے آئی فون کے ٹیکس کی شرح نہ بڑھی اور موجودہ ٹرینڈ کے مطابق ڈالر کی قدر کم ہوتی ہے تو پھر 256 جی بی کا فون 5 تا 6 لاکھ روپے کے درمیان دستیاب ہو گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button