چین کی پاکستان کو جدید آلات کی فراہمی
چین نے پاکستان کو موسمیاتی نگرانی کے لیے 25 جدید ڈیٹیکٹرز فراہم کیے ہیں

لاہور(ٹیکنالوجی ڈیسک)چین نے پاکستان کو موسمیاتی نگرانی کے لیے 25 جدید ڈیٹیکٹرز فراہم کیے ہیں، جن کی مالیت تقریبا 10 لاکھ ڈالرز ہے۔ یہ آلات پاکستان میں موسمیاتی حالات کی پیشگوئی کو مزید مثر بنانے کے لیے استعمال ہوں گے، خاص طور پر بجلی گرنے اور دیگر قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع دینے کے لیے۔
یہ موسمیاتی ڈیٹیکٹرز ملک بھر میں نصب کیے جا رہے ہیں، جس سے موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کی بہتر پیشگوئی کی جا سکے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ چین نے ایک طاقتور 14 ہزار کلومیٹر رینج والا ریڈار بھی فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے، جس سے پاکستان کے موسمیاتی ڈیٹا کی نگرانی اور تجزیے میں مزید بہتری آئے گی۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے ان جدید آلات کے ذریعے قدرتی آفات کی پیشگوئی میں مزید دقت اور صحت کی توقع کی ہے، جس سے حکام کو بروقت اقدامات کرنے اور عوام کو آگاہ کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ تعاون پاکستان اور چین کے درمیان موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بڑھتے ہوئے مشترکہ اقدامات کا حصہ ہیں۔