آرٹیفیشل انٹیلجنس کی تصاویر میں اہم پیش رفت ،اے آئی کیا کرنے جا رہا ہے؟

لاہور(ٹیکنالوجی ڈیسک )آرٹیفیشل انٹیلی جنس یا اے آئی کے ذریعے تخلیق کردہ تصاویر نے حالیہ برسوں میں تیز ترین ترقی کی ہے، خاص طور پر اسٹوڈیو گبلی کے اسٹائل میں بنائی جانے والی تصاویر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دھوم مچا رکھی ہے۔
چیٹ جی پی ٹی 4 او کے لانچ کے بعد، ان تصاویر کی تخلیق میں نہ صرف اضافہ ہوا ہے بلکہ ان کے حقیقت پسندانہ اور دلکش انداز نے لاکھوں صارفین کی توجہ بھی حاصل کی ہے۔ بعض اوقات ان کی مقبولیت کے باعث اے آئی کی امیج جنریشن کی صلاحیت بھی عارضی طور پر متاثر ہوئی۔
تاہم، ان تصاویر کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے قانونی مسائل کو جنم دیا ہے، خاص طور پر کاپی رائٹ اور انٹیلیکچوئل پراپرٹی کے حوالے سے۔ اس حوالے سے پیدا ہونے والی مشکلات کے حل کے لیے، اوپن اے آئی نے اپنیاے آئی پر واٹر مارک لگانے پر غور شروع کر دیا ہے۔ یہ انکشاف اے آئی محقق ٹیبر بلاہو نے کیا، جنہوں نے اے آئی کے کوڈ میں کچھ ایسی معلومات دریافت کیں جن سے پتہ چلا کہ واٹر مارک کی خصوصیت خاص طور پر ان صارفین کے لیے ہوگی جو فری اکاؤنٹ استعمال کر رہے ہیں۔
جن صارفین کے پاس چیٹ جی پی ٹی پلس یا پرو سبسکرپشن نہیں ہوگی، ان کی تخلیق کردہ تصاویر پر واٹر مارک لگا ہوگا۔ جبکہ پریمیم سبسکرپشن رکھنے والے صارفین کو اس پابندی کا سامنا نہیں ہوگا، جس سے یہ رجحان زیادہ صارفین کو پریمیم سبسکرپشن کی طرف راغب کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔