کیااوپن اے آئی اور مائیکروسافٹ کے درمیان اربوں ڈالر کی شراکت داری ہونے جا رہی ہے ؟
جدید ترین مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں سر فہرست کمپنیوں اوپن اے آئی اور مائیکروسافٹ کے درمیان اربوں ڈالر پر مشتمل شراکت داری کو ازسرنو ترتیب دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے

نیویارک(ٹیکنالوجی ڈیسک)جدید ترین مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں سر فہرست کمپنیوں اوپن اے آئی اور مائیکروسافٹ کے درمیان اربوں ڈالر پر مشتمل شراکت داری کو ازسرنو ترتیب دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ مذاکرات اس لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی مستقبل قریب میں اپنا آئی پی او لانچ کر سکے، جبکہ مائیکروسافٹ کو جدید ترین اے آئی ماڈلز تک مسلسل رسائی حاصل رہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک اہم سوال یہ ہے کہ مائیکروسافٹ کو اوپن اے آئی کے نئے فار پروفٹ بزنس میں کتنی ایکویٹی دی جائے گی، کیونکہ اب تک مائیکروسافٹ کمپنی میں 13 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کر چکا ہے۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ مائیکروسافٹ کچھ ایکویٹی واپس کرنے پر رضامند ہے، بشرطیکہ اسے 2030 کے بعد بھی اوپن اے آئی کی تیار کردہ نئی ٹیکنالوجی تک رسائی حاصل رہے۔ دونوں کمپنیاں اس وسیع تر معاہدے پر بھی نظرثانی کر رہی ہیں جو 2019 میں ابتدائی طور پر ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے وقت ترتیب دیا گیا تھا۔
مائیکروسافٹ نے رپورٹ پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے جبکہ اوپن اے آئی نے تاحال رائٹرز کی جانب سے رابطہ کرنے پر کوئی جواب نہیں دیا۔
دی انفارمیشن کی ایک اور رپورٹ کے مطابق اوپن اے آئی نے حالیہ دنوں میں اپنے سرمایہ کاروں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ اپنے سب سے بڑے حمایتی کو آمدنی میں کم حصہ دینے کا ارادہ رکھتی ہے، کیونکہ کمپنی کی تنظیم نو کا عمل جاری ہے۔جنوری میں مائیکروسافٹ نے اوپن اے آئی کے ساتھ اپنے معاہدے کی کچھ شرائط تبدیل کی تھیں، جب اس نے اوریکل اور جاپانی کمپنی سافٹ بینک کے ساتھ مل کر امریکہ میں 500 ارب ڈالر تک کے مصنوعی ذہانت ڈیٹا سینٹرز بنانے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔