ٹیکنالوجی

دنیا کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی تصویر کے فوٹو گرافر کو کتنا معاوضہ دیا گیا؟

اسمارٹ فونز کی بھرمار ہونے کے باعث اب روزانہ ہی اربوں تصاویر کھینچی جاتی ہیں اور جن میں سے کروڑوں کو سوشل میڈیا یا دیگر سروسز پر پوسٹ بھی کیا جاتا ہے۔

مگر پھر بھی ایک تصویر یا فوٹوگراف ایسا ہے جس کے پاس دنیا میں سب سے زیادہ دیکھے جانے کا اعزاز موجود ہے۔

زیادہ امکان یہی ہے کہ آپ نے بھی اسے دیکھا ہوگا،کیا آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ وہ کونسی تصویر ہے ؟

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر یہ اعزاز مائیکرو سافٹ کے آپریٹنگ سسٹم ونڈوز ایکس پی کے ڈیفالٹ وال پیپر bliss کے پاس ہے۔

جی ہاں واقعی یہ تو معلوم نہیں کہ اب تک کتنے افراد نے اس تصویر کو دیکھا ہے مگر ایک تخمینے کے مطابق یہ تعداد اربوں میں ہوگی۔

اس تصویر کو چارلس او رئیر نامی فوٹوگرافر نے 1996 میں اس وقت کھینچا جب وہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے Sonoma سے Marin جانے کے لیے گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔

وہ وہاں ایک خاتون ڈیفنی سے ملنے جا رہے تھے جو بعد میں ان کی بیوی بن گئی تھیں۔

دنیا کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی تصویر کے فوٹو گرافر کو کتنا معاوضہ دیا گیا؟
یہ وہ مشہور زمانہ تصویر ہے / فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ

فوٹوگرافر جو اب 83 سال کے ہوچکے ہیں، ان کے لیے یہ بس دیگر تصاویر کی طرح تھی جس کا نام انہوں نے ہی bliss رکھا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اس زمانے میں وہ ہر وقت کیمرا اپنے پاس رکھتے تھے کیونکہ آپ کو معلوم نہیں ہوتا کہ کونسا ایسا لمحہ ہوگا جو آپ کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرنا پسند کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس زمانے میں وہ اکثر کیلیفورنیا کے خوبصورت مقامات کی تصاویر کھینچتے رہتے تھے اور 1996 میں اس سفر کے دوران اس مقام کی تصویر لینے کا بھی فیصلہ کیا۔

درحقیقت یہ تصویر اتنی اچھی تھی کہ بیشتر افراد کے خیال میں تو یہ حقیقی نہیں تھی مگر فوٹوگرافر نے اسے اپنے کیمرے سے ہی کھینچا تھا۔

فوٹوگرافر کے مطابق انہوں نے Mamiya RZ67 کیمرا کلر فیوجی فلم کے ساتھ استعمال کیا۔

ان کے بقول انہوں نے زیادہ اچھے رنگوں والی فلم کو استعمال کیا تھا، کیمرے اور فلم کے امتزاج نے اس تصویر کو آئیکونک بنانے میں کردار ادا کیا۔

دنیا کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی تصویر کے فوٹو گرافر کو کتنا معاوضہ دیا گیا؟
اب تو تصویر کا مقام بھی بہت زیادہ تبدیل ہوچکا ہے / فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز

انہوں نے کہا کہ ‘کیمرے اور فلم کے سائز نے واقعی اسے نمایاں تصویر بنایا، اگر میں 35 ایم ایم فلم استعمال کرتا تو میرے خیال میں ایسا اثر دیکھنے میں نہیں آتا’۔

چارلس او رئیر نے اس تصویر کو 1998 میں اسٹاک فوٹو کے طور پر پیش کیا جسے بل گیٹس کی ملکیت میں موجود ایک کمپنی Corbis نے خرید لیا تھا۔

2000 میں مائیکرو سافٹ نے تصویر تمام حقوق خرید لیے اور اسے ونڈوز ایکس پی کے لیے استعمال کیا۔

تو فوٹو گرافر کو اس تصویر کے عوض کتنا معاوضہ ادا کیا گیا؟ وہ یہ تو نہیں بتاتے کہ یہ رقم اصل میں کتنی تھی مگر ان کے مطابق یہ 6 ہندسوں پر مشتمل تھی۔

درحقیقت یہ تصویر بہت مہنگی تھی جب مائیکرو سافٹ نے اسے خریدا تو کوئی کورئیر کمپنی فوٹو کی فلم کو ڈیلیور کرنے کے لیے تیار نہیں ہوئی کیونکہ وہ بہت قیمتی تھی۔

آخر میں کمپنی نے فوٹو گرافر کے لیے طیارے کا ایک ٹکٹ خریدا تاکہ وہ ذاتی طور پر سفر کرکے اس تصویر والی فلم کو ڈیلیور کرسکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button