چین میں مزدوروں کی کمی، سینکڑوں روبوٹس فیکٹریوں میں نصب

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین میں آبادی کی ہونے والی کمی کے باعث چینی ٹیکنالوجی ماہرین نے سینکڑوں روبوٹس کا فیکٹروں میں کام کرنے کے لئے نصب کر دیا ہے ۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ تیزی سے بوڑھی ہوتی آبادی میں روبوٹ ٹیکنالوجی کا یہ تیز رفتار پھیلاؤ مزدوروں کی کمی کو پورا کرنے میں مدد دے رہا ہے اور چین کے مینوفیکچرنگ شعبے کو مزید مستحکم کررہا ہے۔ بین الاقوامی فیڈریشن آف روبوٹکس (آئی ایف آر) کی 2025ء کی رپورٹ کے مطابق چین میں فعال صنعتی روبوٹس کی تعداد 20 لاکھ 27 ہزار تک پہنچ چکی ہے جو کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ 2024ء میں دنیا بھر میں نصب ہونے والے 5 لاکھ 42 ہزار نئے روبوٹس میں سے آدھے سے زیادہ چین میں لگائے گئے۔ یہ روبوٹس گاڑیوں کے فریم جوڑنے، الیکٹرانک آلات اسمبل کرنے اور بھاری سامان منتقل کرنے جیسے کاموں میں انسانوں کی جگہ لے رہے ہیں۔