حکومت کی فوج کو پی ٹی آئی اور عوام کو سامنے دھکیلنے کی سازش بے نقاب ہو چکی ہے؟ عمر ایوب کا دعویٰ
حکومت فیل ہوگئی ہے اور یہ اس حکومت کے خلاف چارج شیٹ تھی، عوام اور پاک فوج کو کبھی آمنے سامنے نہیں آنا چاہیے: اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا دعویٰ

راولپنڈی (کھوج نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و پی ٹی آئی کے رہنماء عمر ایوب نے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگی حکومت کی فوج کو پی ٹی آئی اور عوام کو سامنے دھکیلنے کی سازش بے نقاب ہو چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی کے سامنے کنول شوزب نے سفارشات رکھی ہیں جس پر انہوں نے اطمینان اور تسلی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس جس طرز پر ہوئی وہ نہیں ہونی چاہیے تھی، انہوں نے جو اپنا کردار فرض کیا بحیثیت وزیر خزانہ یا بحیثیت وزیر اطلاعات یہ اس بات کی علامت ہے کہ یہ حکومت فیل ہوگئی ہے اور یہ اس حکومت کے خلاف چارج شیٹ تھی، عوام اور پاک فوج کو کبھی آمنے سامنے نہیں آنا چاہیے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کنول شوزب نے کہا کہ عمران خان کو سیاست کا نشانہ بنایا جارہا ہے، بشری بی بی کو ہدف بنانا شرمناک ہے، بشری بی بی کو ہدف بنایا گیا تاکہ عمران خان کو توڑا جاسکے، عوم چوہدری عدت کیس میں گواہ بن گیا اور جھوٹ بولتا رہا، بشری بی بی کو قید میں رکھنے کا مقصد عمران خان کو ٹارچر کرنا ہے۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پارلیمان میں علامتی بھوک ہڑتال کرنے والے ارکان کو سراہا ہے، ہمارے کیمپ کا مقصد ہمارے تمام اسیران کی رہائی، مہنگائی کے خلاف اور پاکستان میں امن قائم کرنا ہے، اس کا واحد حل صرف نئے انتخابات ہیں، عمران خان نے سب کو یہ پیغام دیا کہ کل کی جو کال تحریک تحفظ آئین نے دی ہے اس کو کامیاب بنائیں، پر امن احتجاج کریں، ہمارے احتجاج ہمیشہ پر امن رہے ہیں، عمران خان نے ہمارے صوبائی اور قومی اسمبلی کے ارکان کی کارکردگی کو خوب سراہا ہے۔