صحت

آم ہائی بلڈ پریشر اورہڈیوں کے مریضوں کیلئے صحت بخش

کم زور افراد کے لیے آم انتہائی مفید ہے

لاہور(ہیلتھ ڈیسک) روزانہ ایک آم کھانے سے نظامِ ہاضمہ اور دل کے امراض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔آم غذائیت سے بھرپور پھل ہے۔ اس میں چکنائی، کولیسٹرول اور سوڈیم کی بہت کم مقدار پائی جاتی ہے، جب کہ وٹامن بی 6کے علاوہ وٹامن اے، وٹامن سی، وٹامن ای، پوٹاشیم، میگنیشیم اور تانبا بھی بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے، جو انسانی صحت کے لیے نہایت مفید اجزا ہیں۔ علاوہ ازیں، آم ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ آم میں پائے جانے والے مختلف کیمیائی اجزا چھاتی کے کینسر سمیت ہر قسم کے سرطان کو روکنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ آم میں موجود اینٹی آکسیڈینٹس آنتوں اور خون کے کینسر کے خطرے کو کم کرتے ہیں، جب کہ گلے کے غدود کے کینسر کے خلاف بھی موثر کردار ادا کرتے ہیں۔ ہارورڈ یونی ورسٹی کے ماہرین کے مطابق آم کولون یا بڑی آنت کے سرطان کے خلاف قوتِ مدافعت پیدا کرتا ہے۔

کم زور افراد کے لیے آم انتہائی مفید ہے، کیوں کہ یہ وزن بڑھاتا ہے۔ جو افراد وزن کی کمی کے شکار ہیں، انہیں وزن بڑھانے کی دیگر خوراکوں کے علاوہ آم کھانے چاہئیں۔ 150گرام آم میں 86کیلوریز پائی جاتی ہیں، جو آسانی سے جسم میں جذب ہو جاتی ہیں۔ آم نظامِ ہاضمہ کے لیے بھی نہایت مفید ہے، جو خوراک کو ہضم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے اور بھوک بھی بڑھاتا ہے۔ آم میں موجود ریشے، جنہیں فائبرز کہا جاتا ہے، آنتوں کی صفائی کرنے کے ساتھ ورم کا خطرہ کم کرتے ہیں۔

آم، حاملہ خواتین کے لیے بھی بے حد فائدہ مند ہے۔ ڈاکٹرز اکثر حاملہ خواتین کو خون کی کمی دور کرنے کے لیے وٹامنز اور آئرن کی گولیاں کھانے کا مشورہ دیتے ہیں، جب کہ آم جسم میں ان کی مقدار بڑھانے کی قدرتی صلاحیت رکھتا ہے۔ آم سے چہرے کی خوب صورتی میں بھی اضافہ ہوتاہے۔ اس کا گودا چہرے پر لگانے سے نہ صرف متعدد جِلدی مسائل ختم ہو جاتے ہیں بلکہ جِلد کی نمی بھی برقرار رہتی ہے اور رنگ بھی صاف ہوتا ہے۔ یہ پھل دماغی صلاحیت بڑھانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ آم میں موجود وٹامنز دماغ کی نشوونما میں بہترین کردار ادا کرتے ہیں، جب کہ اس میں پایا جانے والا گلوٹا مائن یادداشت کے لیے مفیدثابت ہوتا ہے۔آم میں بیٹا کیروٹین کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے، جو ہمارے مدافعتی نظام کو مضبوط رکھتی ہے۔

آم کا باقاعدگی سے استعمال ہڈیوں کی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے اور اس میں موجود کیلشیم ہڈیوں کو مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ نیز، آم کھانے سے ہڈیوں کی کم زوری کی امکانات انتہائی کم ہو جاتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button