مسلم لیگ(ن) اسٹیبلشمنٹ کو سیاسی بیانیہ دینے میں ناکام،سینئرصحافی سہیل وڑائچ نےتبدیلی کی پیش گوئی کردی
سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کی سپورٹ میں جوبیانیہ آنا چاہیےتھا وہ انکی توقع کےمطابق نہیں آرہا ، حکومت ابھی تک پی ٹی آئی کو وفاق اور پنجاب کی سطح پر مناسب جواب نہیں دے پا رہی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئرصحافی و تجزیہ کارسہیل وڑائچ نےکہا ہےکہ ملکی تاریخ کو سامنے رکھیں تو لاہور میں محترمہ بینظیربھٹوکا لاہورمیں 10لاکھ کا جلوس نکلا ، اس کےبعد اوربھی متعدد جلوس نکلے لیکن اصل بات یہ ہے کہ کراؤڈ جمع کرنے سےنہ حکومت کو کوئی فرق پڑتا ہے اورنہ ہی کراؤڈ جمع کرنے والی جماعت کو کوئی بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہےسوائےاس کہ ایک انسپریشن ملتی ہے ۔ اصل بات یہ کہ کیا 24نومبرکو تحریک انصاف کا جو کراؤڈ اکٹھا ہو رہا ہے کیا اس کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا یا یہ کراؤڈ وہ جارحیت کرے گا کہ جس سے خون بہے۔انسانی جانیں اگر ضائع ہوتی ہیں تو اس کا حکومتوں کو ضرور فرق پڑتا ہے ۔اس کا ضرور اس سیاسی جماعت کو فرق پڑتا ہے ۔لاہورمیں 9اپریل 1077ء نہ ہوتا تو شاید ذوالفقارعلی بھٹوکی حکومت ملک میں تا دیرقائم رہتی ۔تو اس لیےانسانی جانوں کا جو ضیاع ہوتا ہے تو اس سے یقیناًریاست کے فیصلے ، عالمی سطح کے فیصلے اور جماعت کے فیصلوں کو فرق پڑتا ہے ۔
سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کی سپورٹ میں جوبیانیہ آنا چاہیےتھا وہ انکی توقع کےمطابق نہیں آرہا ، حکومت ابھی تک پی ٹی آئی کو وفاق اور پنجاب کی سطح پر مناسب جواب نہیں دے پا رہی اس کی وجہ سے مجھے یہ لگتا ہےکہ اسٹیبلشمنٹ کو یہ احساس ضرورہوگا کہ ہمارے پیچھےکوئی سیاسی بیانیہ نہیں ہے اورکوئی سیاسی جماعت جس کو ہم حکومت میں لائے ہوئے ہیں وہ ہمیں وہ نہیں دے رہی جس کی ہمیں توقع تھی ۔ اس وجہ سے میں یہ سمجھتا ہوں کہ پہلےتو انہیں "لاٹھیوں ” کی ضرورت تھی، انہیں ضرورت تھی کہ جب تک 26ویں آئینی ترمیم نہیں ہوتی، انکے عہدے کی توسیع نہیں ہوتی انہیں سیاسی جماعتوں کی ضرورت تھی اب وہ ضرورت بھی ختم ہو چکی ہے ۔اب انہیں ایک ایسا مضبوط اتحادی ایسی مضبوط جماعت چاہیے ہے جو ان کے بیانیے کو سپورٹ کرے اور ان کے ایجنڈے کو سپورٹ کرے ۔ اگرچہ مسلم لیگ (ن) حکومت کی سطح پرتو اسٹیبلشمنٹ کیساتھ ہے لیکن ہم نہیں دیکھتے کہ کسی شہر میں کسی گاؤں میں یا کسی جگہ (ن) لیگ نےاس طرح سے سیاسی بیانیے کےذریعے فوج کو یا اسٹیبلشمنٹ کو سپورٹ کیا ہو ۔ یہ جو خلاء ہےاس کی وجہ سےمجھےلگتا ہےکہ کچھ نیا ہوگا ۔



