خراٹوں کا علاج ممکن مگر کیسے؟
خراٹوں کا شکار بنانے والے اس عارضے کا علاج کرنے والی پہلی دوا کی امریکا میں منظوری دی گئی ہے

امریکہ ( مانیٹر نگ ڈیسک ) نیند کے دوران خراٹے لینے سے صحت پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔اکثر خراٹوں کی وجہ obstructive sleep apnea (او ایس اے) نامی عارضہ ہوتا ہے۔او ایس اے کے شکار افراد کی سانس نیند کے دوران بار بار رکتی ہے جس سے خراٹوں کے ساتھ ساتھ متعدد طبی پیچیدگیوں کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔اب خراٹوں کا شکار بنانے والے اس عارضے کا علاج کرنے والی پہلی دوا کی امریکا میں منظوری دی گئی ہے۔
او ایس اے کے علاج کے لیے زیپ باونڈ نامی دوا کی منظوری یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی جانب سے دی گئی۔اس دوا کے کلینیکل ٹرائل میں دریافت کیا گیا تھا کہ زیپ باونڈ کے استعمال سے او ایس اے سے متاثر موٹاپے کے شکار افراد میں سانس رکنے کی شرح میں 63 فیصد تک کمی آتی ہے۔ایک سال تک جاری رہنے والا ٹرائل 2 مرحلوں میں ہوا تھا۔ایک مرحلے میں ایسے افراد شامل تھے جن کو صرف زیپ باونڈ کا استعمال کرایا گیا اور دوا کے نتائج کا موازنہ placebo استعمال کرنے والے گروپ کے ساتھ کیا گیا۔
دوسرے مرحلے میں زیپ باونڈ کے ساتھ لوگوں کو پازیٹیو ائیرویز پریشر (پی اے پی) ڈیوائس کا استعمال کرایا گیا۔پی اے پی ڈیوائس کو ابھی او ایس اے کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔اس گروپ کے نتائج کا موازنہ placebo استعمال کرنے والے افراد سے کیا گیا۔ماہرین کے مطابق یہ او ایس اے کا علاج کرنے والی پہلی دوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوا کے استعمال سے جسمانی وزن میں کمی آتی ہے جس سے او ایس اے کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایف ڈی اے کے کی منظوری کے بعد ڈاکٹروں اور مریضوں کو موٹاپے اور او ایس اے جیسے دونوں مسائل کا علاج کرنے میں مدد ملے گی۔اس دوا پر ہونے والی دیگر تحقیقی کام میں دریافت کیا گیا تھا کہ اس کے استعمال سے ہارٹ فیلیئر اور گردوں کے امراض کا پھیلاو بھی رک جاتا ہے۔محققین کے مطابق او ایس اے اب بھی ایسا مرض ہے جس کی اکثر تشخیص نہیں ہوتی، حالانکہ اس کے نتیجے میں دل کی شریانوں کے امراض کا خطرہ بڑھتا ہے، ایسا ہی موٹاپے سے بھی ہوتا ہے تو دونوں کا علاج کرنا صحت کے لیے بہترین ثابت ہوگا۔



