پاکستان

بطور وزیراعظم عمران خان کو کتنے تحائف ملے ؟فہرست عدالت میں پیش

توشہ خانہ ٹو کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کو بطور وزیراعظم ملنے والے 108 تحائف کی فہرست عدالت میں پیش کردی گئی

اسلام آباد( کھوج نیوز )توشہ خانہ ٹو کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کو بطور وزیراعظم ملنے والے 108 تحائف کی فہرست عدالت میں پیش کردی گئی۔اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی عدالت میں پیش ہوئے، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجا اور فیصل چوہدری بھی سماعت کے موقع پر عدالت میں موجود تھے۔

دوران سماعت، کیبنٹ ڈویژن کے سیکشن آفیسر بنیامین کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔ بشری بی بی کے وکیل ارشد تبریز نے گواہ پر جزوی جرح کی، جو آئندہ سماعت پر مکمل کی جائے گی۔ آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر بھی گواہ پر جرح کریں گے۔توشہ خانہ ٹو کیس میں گواہ نے 100 صفحات پر مشتمل ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ گواہ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بطور وزیراعظم ملنے والے 108 تحائف کی فہرست اور توشہ خانہ تحائف کے ریکارڈ سے متعلق 2 رجسٹر بھی عدالت میں پیش کیے گئے۔ گواہ نے پرائیویٹ اپریزر کا قانونی طریقہ کار بھی عدالت میں پیش کیا۔ بعدازاں، عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 2 جنوری تک ملتوی کردی۔

12 ستمبر 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی ایکی 3 رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی تھی۔نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button