بھارت کے اداکار جن نے اسلام قبول کیا لیکن صارفین نے ان کی شادی کو لو جہاد کا نام کیوں دیا
کامیا پنجابی نے کہا کہ ویوین پہلے مہادیو کے بہت بڑے عقیدت مند تھے ،وہ مذہب پر بہت یقین رکھتے تھے لیکن انہوں نے برسوں پہلے اپنا عقیدہ بدل کر اسلام قبول کر لیا تھا

نئی دہلی (شوبزڈیسک ) مذہبی عقیدہ ایک ذاتی معاملہ ہے جس پر عموما ستارے کوئی بھی بیان دینے سے گریز کرتے ہیں لیکن ایک مشہور اداکارہ نے اپنے کوسٹار کے مذہبی عقیدے اور زندگی کے متنازع پہلو پر کھل کر بات کی، جنہوں دوسری شادی سے پہلے مذہب تبدیل کرکے اسلام قبول کرلیا تھا ۔ آج وہ دن میں پانچ وقت کی نماز پڑھتے ہیں۔
کامیا پنجابی جب ایک رئیلٹی شو میں بطور مہمان آئیں تو انہوں نے ویوین ڈیسینا کے مذہبی عقائد کے بارے میں دلچسپ انکشافات کئے۔انھوں نے کہا کہ میں نے ویوین ڈیسینا کے ساتھ شو ‘شکتی’ میں کام کیا تھا۔ وہ انہیں قریب سے جانتی ہیں۔ دونوں اچھے دوست بھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ویوین پہلے مہادیو کے بہت بڑے عقیدت مند تھے۔ وہ مذہب پر بہت یقین رکھتے تھے لیکن انہوں نے برسوں پہلے اپنا عقیدہ بدل کر اسلام قبول کر لیا تھا۔
کامیا پنجابی کا مزید کہنا تھا کہ ویوین نے اسلام قبول کیا اور اب اللہ پر یقین رکھتے ہیں۔ وہ دن میں پانچ مرتبہ نماز پڑھتے ہیں جو کہ اچھی بات ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ویوین ڈیسینا ہر مذہب پر یقین رکھتے ہیں لیکن اسلام پر ان کا ایمان غیر متزلزل ہے۔
ویوین نے 2019 میں اسلام قبول کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دے دی اور 2022 میں نوران سے شادی کی۔ لوگوں نے اداکار کی اہلیہ نوران کو ٹرول کیا اور انہیں ویوین کے مذہب کی تبدیلی کی وجہ سمجھا۔ لیکن مذہب تبدیل کرنے کا فیصلہ ویوین کا اپنا تھا۔ لوگوں نے ویوین کی بیوی پر لو جہاد کا الزام بھی لگایا۔