صحت

سورائسز کیا ہے؟ اور اس سے کیسے بچا جا سکتا ہے ؟

سورائسز جسے عام زبان میں اپرس بھی کہا جاتا ہے جلد کی بیماری ہے، جس میں جلد پر سرخی مائل چھوٹے یا بڑے دھبے بن جاتے ہیں، عموما یہ ٹانگوں اور کہنیوں سے شروع ہوتی ہے اور خارش کا سبب بنتی ہے

لاہور(کھوج نیوز) پاکستان ایسوسی ایشن آف ڈرماٹولوجسٹس( PAD ) کے تحت اس مرض کا بروقت علاج کروانا بہت ضروری ہے ۔ اس سے متاثرہ مریضوں کی روزمرہ زندگی کو بہتر بنانا بہت ضروری ہے۔سورائسز جسے عام زبان میں اپرس بھی کہا جاتا ہے جلد کی بیماری ہے۔ جس میں جلد پر سرخی مائل چھوٹے یا بڑے دھبے بن جاتے ہیں۔ عموما یہ ٹانگوں اور کہنیوں سے شروع ہوتی ہے اور خارش کا سبب بنتی ہے۔ یہ مرض ایک مریض سے دوسرے مریض کو نہیں لگتا بلکہ یہ موروثیت ،جسم کی مدافعتی کمزوری، انفیکشن، چند ادویات کے استعمال، ذہنی دباؤ ،حکیمی علاج معالجے اور چوٹ لگنے جیسے اسباب سے لاحق ہوتا ہے۔

اس مرض کی کئی اقسام ہیں جن میں عام قسم میں سرخی مائل نشانات سر بازو اور ٹانگوں پر پائے جاتے ہیں۔ دوسری قسم میں کمر اور چھاتی پر چھوٹے چھوٹے دانے بنتے ہیں ،جو عموما نوجوان عمر کے لوگوں میں پائی جاتی ہے۔سورائسز کی ایک قسم میں تلوں اور ہتھیلیوں کی جلد سخت ہو جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ہاتھوں پاؤں کے جوڑ بھی متاثر ہو سکتے ہیں جسے سورائٹک آرتھرائیٹس کہا جاتا ہے۔سو رائسز کی بروقت تشخیص اور علاج کے لیے ضروری ہے کہ جلد کے معمولی سے مسئلے کے لیے ماہر امراض جلد سے رجوع کیا جائے تاکہ بروقت علاج ہو سکے۔

سورائسز ایک ایسا مرض ہے جو بار بار بڑھ سکتا ہے مگر باقاعدہ علاج سے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ سورائسز سے بچنے اور علاج کے لیے احتیاطی تدابیر جیسے کہ مناسب غذا،اورآرام دہ ماحول ضروری ہے۔مریض کو اچھوت نہ سمجھیں اور علاج کے ساتھ تمام معاملات زندگی جاری رکھیں۔10 سے 15 منٹ ہلکی دھوپ،ہلکی پھلکی ورزش،چہل قدمی مرض کے علاج میں فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔ تاہم زیادہ دیر دھوپ میں رہنے یا زیادہ جسمانی مشقت سے جلد اور جوڑوں پر برا اثر پڑتا ہے۔ سگرٹ اور شراب نوشی سے مکمل پرہیز ضروری ہے۔ غذا میں چینی گندم، میدہ، چاول، بڑا گوشت، پھل، آلو ،ٹماٹر، بینگن، دودھ اور دودھ سے بنی اشیا ئ،انڈے، بیکری کی اشیا سے پرہیز کریں۔

جو چیزیں غذا میں سورائسز کو کم کرنے میں مدد دیتی ہیں ان میں دالیں، سبز پتوں والی سبزیاں، گاجریں، زیتون اور ناریل کا تیل سرکہ سیب، ہلدی ،سالمن اور سمندری مچھلی، خشک میوہ جات اور بیج کارآمد ثابت ہوتے ہیں۔ سورائسز کے مریضوں کے لیے وزن کم رکھنا بہت ضروری ہے اس کے بغیر کوئی علاج کارآمد نہیں ہوتا صرف وزن کم کرنے سے ہی بیماری میں مثبت تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے۔ وٹامن ڈی ،اے اور زنک کا استعمال بیماری کی شدت میں خاطر خواہ کمی کا موجب بنتا ہے۔ جلد کو چکنا رکھنا بھی علاج میں کارآمد ہے جس کے لیے ناریل زیتون سورج مکھی اور بادام کا تیل استعمال کریں اپ کا معالج اپ کو بیماری کی شدت کے مطابق مرہم،گولیاں یا ٹیکوں کا علاج تجویز کرتا ہے جس کے لیے آپ کو خون کے ٹیسٹ کروانے بھی ضروری ہیں۔مناسب طرز زندگی اور باقاعدہ علاج سے معمول کے مطابق زندگی گزاری جا سکتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button