پاکستان

صدر اور وزیراعظم کا یوم یکجہتی کشمیر پر اہم پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظلوم کشمیریوں کے عزم و استقلال پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا

اسلام آباد (کھو ج نیوز ) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظلوم کشمیریوں کے عزم و استقلال پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ریاستی دہشتگردی اور جبر کے سامنے کشمیری عوام کے عزم و استقلال کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ مطابق، یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سنگین ہے، بھارتی اقدامات کشمیری عوام کے حق ِخودارادیت کے انمٹ جذبے کو دبا نہیں سکتے، تنازع جموں و کشمیر سب سے پرانے حل طلب بین الاقوامی تنازعات میں سے ایک ہے۔

صدر نے کہا کہ کسی بھی قسم کا ظلم کشمیریوں کے عزم کو متزلزل اور ان کی جائز جدوجہد کو کمزور نہیں کرسکتا، اقوام متحدہ کشمیریوں سے 77 سال قبل کیے گئے وعدوں کا احترام کرے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا، مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد صورتحال مزید خراب ہوئی، بھارتی اقدامات کا مقصد کشمیریوں کو ان کی اپنی ہی سرزمین میں ایک بے اختیار کمیونٹی میں بدلنا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کیحق خودارادیت کے حصول تک ان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہر سال یوم یکجہتی کشمیر مناتے ہیں تاکہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کی مستقل حمایت کی تجدید کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے۔ ہر سال، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی ایک قرارداد منظور کرتی ہے جس میں لوگوں کو اپنے مستقبل کے فیصلے خود کرنے کے قانونی حق پر زور دیا جاتا ہے۔
وزیراعظم نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام 78 سال گزرنے کے باوجود اس ناقابل تنسیخ حق کو استعمال نہیں کر سکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر دنیا کے سب سے بڑے قابض فوجی علاقوں میں سے ایک ہے۔ کشمیری خوف اور دہشت کے ماحول میں جی رہے ہیں۔ سیاسی کارکنوں اور انسانی حقوق کے محافظوں کو طویل حراست میں رکھا جا رہا ہے اور ان کی جائیدادیں ضبط کی جا رہی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button