صومالیہ کے سفیر نے گورنر پنجاب کو کن مسائل سے آگاہ کیا؟
صومالیہ کے سفیر نے گورنر پنجاب کو پاکستان میں زیر تعلیم صومالیہ کے طلبا کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا،جن میں طلبا کی پولیس ویریفکیشن ،بینک اکائونٹ کھولنے اور دیگر مسائل شامل تھے

لاہور(کھوج نیوز )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہورمیں پاکستان میں تعینات صومالیہ کے سفیر شیخ نور محمد حسن کی ملاقات ہوئی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت تعلیم، تجارت اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ صومالیہ کے سفیر نے گورنر پنجاب کو پاکستان میں زیر تعلیم صومالیہ کے طلبا کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سیلم حیدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور صومالیہ اسلامی برادر ممالک ہیں۔صومالیہ سے تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور صومالیہ کے درمیان تعلیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔کچھ عرصہ پہلے ایران کے گورنر جنرل کا پاکستان کا دورہ بہت کامیاب رہا جس میں کئی منصوبہ جات کے ایم او یو سائن ہوئے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ جلد ہی صومالیہ کے گورنرکو پاکستان کے دورے کی دعوت دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب کی جامعات میں زیر تعلیم صومالیہ کے طلبا کو درپیش مسائل کے حل کے لئے فوکل پرسن بنایا جائے گا۔
صومالیہ کے سفیر کا کہنا تھا کہ صومالیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔انھوں نے کہا کہ صومالیہ پاکستان سے سرجیکل آلات, فارماسوٹیکل سمیت مختلف پروڈکس امورٹ کرتا ہے۔ سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلیم سمیت تجارتی شعبے میں مزید فروغ دینے کا بھی اعادہ کیا۔