کیا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ برطانوی شہزادہ ہیری کو ملک بدر کرنا چاہتے ہیں؟
امریکی اخبار کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے برطانوی شہزادہ ہیری کو ملک سے ڈی پورٹ کرنے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی اخبار کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے برطانوی شہزادہ ہیری کو ملک سے ڈی پورٹ کرنے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ ٹرمپ نے اخبار کو بتایا میں ایسا نہیں کرنا چاہتا ، میں اسے اکیلا چھوڑ دوں گا۔ اسے اپنی بیوی کے ساتھ کافی مسائل ہیں۔ وہ خوفناک ہے۔ اس سے قبل 18 جنوری کو مارگریٹ تھیچر سینٹر کے ڈائریکٹر نیل گارڈنر نے رائے ظاہر کی تھی کہ ٹرمپ آنے والے مہینوں میں شہزادہ ہیری کو ملک سے نکال سکتے ہیں۔
امریکن ہیریٹیج فانڈیشن نے محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے خلاف مقدمہ دائر کیا جس میں شہزادے کے ویزا دستاویزات تک رسائی کی درخواست کی گئی تھی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ہیری نے اپنی رہائش کی درخواست میں منشیات کے استعمال کا ذکر کیا ہے۔تاہم شہزادہ ہیری نے درخواست میں منشیات کے استعمال کا ذکر نہیں کیا ہو گا جسے صدر بائیڈن کی انتظامیہ نے چھپایا تھا اور اسے حوالے کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ برطانوی اخبار کی طرف سے شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں یہ بتایا گیا ہے اگر ہیری نے اپنی درخواست میں منشیات کے استعمال کا ذکر نہیں کیا تو ان کی سزا ملک بدری ہو گی۔
صدر ٹرمپ کے پاس دستاویزات جاری کرنے کے لیے وفاقی ایجنسیوں کو احکامات جاری کرنے کا اختیار ہے تو اس لیے انہیں ہیریٹیج فانڈیشن سے منسلک مارگریٹ تھیچر فریڈم سینٹر کے ڈائریکٹر نیل گارڈنر نے ایسا کرنے کی ترغیب دی تھی۔ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ اگر درخواست میں جھوٹ بولا گیا ہے تو وہ شہزادہ ہیری کو ملک بدر کرنے پر غور کریں گے۔