29سال بعد پاکستان میں میلا سجنے کو تیار ،مہمان خصوصی کون ہو گا؟
آئی سی سی کرکٹ مینز چیمپیئنز ٹرافی 2025 آج سے کراچی میں شروع ہو رہی ہے،پہلے میچ کی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری مہمان خصوصی ہوں گے

کراچی ( سپورٹس ڈیسک )آئی سی سی کرکٹ مینز چیمپیئنز ٹرافی 2025 آج سے کراچی میں شروع ہو رہی ہے، جہاں ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔کرکٹ کے اس بین الاقوامی مقابلہ، جس کے کچھ میچ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی کھیلے جائیں گے، 29 سال بعد پاکستان میں ہو رہا ہے۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے میچ کی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری مہمان خصوصی ہوں گے۔
میچ سے قبل پاکستان ائیر فورس کے زیر اہتمام شیر دل شو کا شاندار فضائی مظاہرہ کیا جائے گا۔نو مارچ تک جاری رہنے والے ان مقابلوں میں دنیا کی آٹھ ٹاپ رینکنگ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ پاکستان ٹرافی کا دفاعی چیمپیئن ہے۔
چیمپیئنز ٹرافی کے میچوں میں حصہ لینے کے لیے انڈیا کے علاوہ باقی تمام ممالک کی کرکٹ ٹیمیں پاکستان پہنچ چکی ہیں۔چیمپیئن شپ کے اور اپنے پہلے میچ میں حصہ لینے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم وکٹ کیپر اور بلے باز محمد رضوان کی کپتانی میں میدان میں اترے گی، جب کہ سپن بولنگ کرنے والے مچل سینٹنر نیوزی لینڈ کی ٹیم کی قیادت کریں گے۔