انٹرنیشنل
غزہ جنگ بندی کا دوسرا مرحلہ، اسرائیل کی شرط پر حماس کا ردعمل بھی آگیا
اسرائیل غزہ کو ہتھیاروں سے پاک کرنے اور مغویوں کی واپسی کی شرط پر جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرسکتا ہے: اسرائیل، کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: حماس

یروشلم (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر اسرائیل نے شرط رکھ دی ہے جس پر حماس کا ردعمل بھی سامنے آگیا جس کے بعد جنگ بندی کا معاہدہ ختم ہوتا نظر آ رہا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل غزہ کو ہتھیاروں سے پاک کرنے اور مغویوں کی واپسی کی شرط پر جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ غزہ کو مکمل طور پر ہتھیاروں سے پاک کیا جائے، حماس اور اسلامی جہاد غزہ سے نکل جائیں اور مغویوں کو رہا کیا جائے، اگر وہ اس پر تیار ہوجائیں تو کل ہی دوسرے مرحلے کا آغاز ہوسکتا ہے۔ حماس کے رہنما سامی ابو ظہری نے اسرائیلی وزیر خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مزاحمتی گروہوں کے ہتھیار حماس اور دیگر فلسطینی مزاحمتی گروہوں کے لیے سرخ لکیر ہیں اور ان پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔