بائیونکس کا بڑا کارنامہ ،اقوام متحدہ کا اہم ایوراڈ اپنے نام کر لیا
پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنی "بائیونکس نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر دیا ہے،بائیونکس مصنوعی اعضا(پروسیتھیٹک لِمز)بنانے میں مہارت رکھتی ہے

لاہور(کھوج نیوز )پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنی "بائیونکس نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر دیا ہے۔ کمپنی نے اقوامِ متحدہ کا "زیرو پروجیکٹ ایوارڈ” حاصل کیا، جو خصوصی طور پر ایسی جدید ٹیکنالوجی اور حل کے لیے دیا جاتا ہے جو معذور افراد کی زندگیوں کو بہتر بنائیں۔
بائیونکس مصنوعی اعضا(پروسیتھیٹک لِمز)بنانے میں مہارت رکھتی ہے، جنہیں جدید مصنوعی ذہانت (AI) اور مشینی تعلیم (Machine Learning) کی مدد سے مزید کارآمد بنایا گیا ہے۔ یہ کمپنی پاکستان میں پہلی بار ایسی ٹیکنالوجی متعارف کرانے میں کامیاب ہوئی ہے جو جسمانی معذوری کے شکار افراد کو اپنی روزمرہ زندگی بہتر طریقے سے گزارنے میں مدد دیتی ہے۔
اس ایوارڈ کے لیے دنیا بھر کے 90 سے زائد ممالک سے 500 سے زیادہ کمپنیوں کو نامزد کیا گیا تھا، جن میں سے بائیونکس نے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ یہ کامیابی نہ صرف پاکستانی ٹیکنالوجی کے معیار کو ظاہر کرتی ہے بلکہ عالمی سطح پر ملک کی اختراعی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
بائیونکس کا یہ اعزاز پاکستان میں ٹیکنالوجی کی ترقی کے نئے دروازے کھولنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں معذور افراد کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔