اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر پر اسرائیلی حملہ، ایک ہلاک، متعدد زخمی
زخمیوں کو دیر البلح کے شہدائے الاقصی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا' اسرائیل نے حملے کے الزامات کو مسترد کر دیا

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ کے علاقے دیر البلح میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں اقوام متحدہ کا ایک غیر ملکی اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمیوں کو دیر البلح کے شہدائے الاقصی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ اسرائیلی فوج نے دیر البلح میں اقوام متحدہ کی کسی بھی عمارت پر حملے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ میڈیا ادارے غیر مصدقہ رپورٹس پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
انٹرنیشنل میڈیا کی جانب سے فراہم کی گئی تصاویر اور ویڈیو میں زخمی غیر ملکیوں کو اقوام متحدہ کی گاڑی اور ایمبولینس میں اسپتال لائے جانے کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔میڈیا آفس نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی عوام کی مدد سے روکنے کے لیے اقوام متحدہ اور دیگر امدادی اداروں کو نشانہ بنانے کی ایک منظم پالیسی قرار دیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس جرم پر واضح اور سخت مؤقف اختیار کرے اور فوری اقدامات کرتے ہوئے اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائے۔