یورپ اور امریکہ کے بعد سعودی اسٹاک مارکیٹ بھی خسارے سے دوچار ،اربوں ریال کا نقصان
سعودی اسٹاک مارکیٹ نے اپنی مجموعی مارکیٹ ویلیو سے تقریبا 500 ارب ریال گنوا دیئے ہیں

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک)تفصیلات کے مطابق سعودی اسٹاک مارکیٹ نے اپنی مجموعی مارکیٹ ویلیو سے تقریبا 500 ارب ریال گنوا دیئے ہیں۔ان نقصانات کا بڑا حصہ آرامکو کمپنی کے حصص کو ہوا جس کی مارکیٹ ویلیو میں تقریبا 340 ارب ریال کی کمی آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عید کی تعطیلات کے بعد ہفتے کے آغاز میں تاسی انڈیکس 6.1 فیصد گر گیا جو مئی 2020 کے بعد سب سے بڑی کمی ہے۔یہ عالمی مارکیٹوں کے پچھلے ہفتے کے آخر میں گرنے کے اثرات کا نتیجہ ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد تجارتی شراکت داروں پر کسٹم ڈیوٹی عائد کرنے کا اعلان کیا۔خلیجی حصص بازاروں، مصر اور اردن کی اسٹاک مارکیٹس نے بھی ہفتے کے آغاز میں اجتماعی نقصانات کے ساتھ کاروبار کا آغاز کیا ہے۔
متعدد سعودی کمپنیاں اپنی لسٹنگ کے بعد سے نچلی ترین سطح پر پہنچ گئیں جن میں ریدان، سماسکو، الخلیجیہ جنرل، ہیرفی، السیف گیلری، درایہ فنانشل، المطاحن الاولی، النہدی، الحفر العربیہ اور ادیس شامل ہیں۔
آرامکو کا شیئرجو کہ 6.2 فیصد گر گیا، مارکیٹ پر دباؤ کا سب سے بڑا سبب رہا۔ اس کے بعد الراجحی بینک، اکوا پاوراور نیشنل بینک کے حصص میں 5 سے 6 فیصد کے درمیان کمی دیکھی گئی۔