وکیل حامد خان کی عدالت سے غیر حاضری،جسٹس جمال مندوخیل کا دوٹوک رد عمل
سپریم کورٹ میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مقدمات سننے سے روکنے کے کیس کی سماعت ہوئی

اسلا م آباد(کھوج نیوز )سپریم کورٹ میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مقدمات سننے سے روکنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران جسٹس محمد علی نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کوبانی پی ٹی آئی کے کیسز سننے سے روک دیا تھا، کیا یہ کیس غیر موثر نہیں ہو گیا؟ قاضی فائز عیسی تو ریٹائر ہو گئے ہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ معاملے کو حل تو کرنا پڑے گا، جج کو کیس سننے سے روکنے کا عدالتی حکم دیا گیا، مستقبل کے لیے معاملے کو حل کرنا پڑے گا، وکیل حامد خان کہاں ہیں؟
معاون وکیل نے بتایا کہ وکیل حامد خان سینیٹ کی کمیٹی میں شرکت کے باعث دستیاب نہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ سینیٹ کمیٹی کا اجلاس کتنے بجے ہے؟
معاون وکیل نے جواب دیا کہ سینیٹ کمیٹی کا اجلاس دن 2 بجے ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ پھر تو حامد خان کو عدالت آنا چاہیے تھا، سیاست کر لیں یا وکالت کر لیں۔
سپریم کورٹ نے ایڈووکیٹ حامد خان کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کر دی۔