اختر مینگل نے 20روز سے جاری دھرنے کے حوالے سے بڑااعلان کر دیا
بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے آج مستونگ کے علاقے لکپاس میں جاری اپنی جماعت کے 20 دن طویل دھرنے کے خاتمے کا اعلان کر دیا

مستونگ(کھوج نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل نے آج مستونگ کے علاقے لکپاس میں جاری اپنی جماعت کے 20 دن طویل دھرنے کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔ دھرنا بلوچ کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف دیا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اب ان کی جماعت آج سے ایک عوامی رابطہ مہم کا آغاز کرے گی۔
بی این پی مینگل نے 28 مارچ کو بلوچستان یکجہتی کمیٹی (BYC) کے رہنماؤں اور کارکنوں، جن میں مہرنگ بلوچ اور سمی دین بلوچ شامل تھیں کی گرفتاری اور کوئٹہ میں ان کے دھرنے پر کریک ڈاؤن کے خلاف وڈھ سے کوئٹہ تک لانگ مارچ شروع کیا تھا۔ اس سلسلہ میں سمی دین بلوچ کو یکم اپریل کو رہا کر دیا گیا تھا۔سردار اختر مینگل نے رواں ماہ کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ مذاکرات کے تین ادوار ناکام ہونے کے بعد ان کی جماعت 6 اپریل کو کوئٹہ کی جانب مارچ کرے گی۔
لیکن مستونگ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار مینگل کا کہنا تھا کہ ہم پرامن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔ ہم تحریک ختم نہیں کر رہے، بلکہ آج سے ایک عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بی این پی بلوچستان بھر میں جلسے اور احتجاجی مظاہرے کرے گی، تاہم انہوں نے اس کے لیے کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی۔