انٹرنیشنل

میڈیٹیرینین بلو ہیرے کی نیلامی کب ہو گی اوراس کی قیمت کتنی ہے ؟

دنیا کے نایاب ترین ہیروں میں شمار ہونے والا ایک 10 قیراط کا نیلا ہیرا، جس کی مالیت 2 کروڑ ڈالرہے

ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا کے نایاب ترین ہیروں میں شمار ہونے والا ایک 10 قیراط کا نیلا ہیرا، جس کی مالیت 2 کروڑ ڈالر تقریبا 5.6 ارب پاکستانی روپے بتائی گئی ہے، منگل کے روز ابوظہبی میں پری آکشن نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔

میڈیٹیرینین بلوکے نام سے معروف یہ نایاب نیلا ہیرا اگلے ماہ جنیوا میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا اور یہ ایک ایسی قیمتی کلیکشن کا حصہ ہے جس کی مجموعی مالیت تقریبا 10 کروڑ ڈالر ہے۔

سوتھبیزنیلام گھرنے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کلیکشن میں دنیا کا سب سے بڑا بے عیب ہیرا، دنیا کا دوسرا سب سے بڑا سرخ ہیرا، اور 100 قیراط سے زائد کئی دیگر ہیرے شامل ہیں۔

یہ قیمتی پتھر ابوظہبی کے سعدیات آئی لینڈ کلچرل ڈسٹرکٹ میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا، جہاں اسے دیگر بیش قیمت زیورات کے ساتھ رکھا گیا۔ ان میں ایک سفید ہیروں سے جڑا ہوا ہار بھی شامل تھا، جس میں 100.26 قیراط کا بھورے رنگ کا نایاب موتی نما ہیرا نصب ہے۔

میڈیٹیرینین بلو ہیرا نیلامی سے قبل تائی پے، ہانگ کانگ، اور نیویارک میں بھی نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا، جبکہ جنیوا میں اس کی نیلامی مئی کے وسط میں ہو گی۔

نیلام گھر کے میڈل ایسٹ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ غیر معمولی رنگ اور سائز کے ہیرے فطرت کے وہ عجائبات ہیں جو بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں، اس لیے نیلامی میں ان کی موجودگی ایک نایاب موقع ہوتا ہے۔بروننگ کے مطابق، گزشتہ سال یا اس سے کچھ زیادہ عرصے میں ایسے قیمتی ہیرے مارکیٹ میں بہت کم دیکھنے کو ملے ہیں، جس کی وجہ سے میڈیٹیرینین بلوکی نیلامی ایک نہایت دلچسپ اور خاص موقع بن گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button