خیبرپختونخوا حکومت کا ایڈونچر ٹورازم سے متعلق اہم فیصلہ
تریچ میر جوبلی جشن 2024-25 کے تحت خیبرپختونخوا خصوصاً چترال کو ایک بین الاقوامی مہم جوئی مرکز بنانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں

پشاور (کھوج نیوز) خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے سیاحت کے شعبے میں تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے ایڈونچر ٹورازم کو عالمی معیار پر لے جانے کا اعلان کر دیا ہے۔تریچ میر جوبلی جشن 2024-25 کے تحت خیبرپختونخوا خصوصاً چترال کو ایک بین الاقوامی مہم جوئی مرکز بنانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
یہ اقدام پاکستان میں ایڈونچر ٹورازم کی تاریخ میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو گا۔ 75 سال پہلے سر کی گئی عظیم تریچ میر چوٹی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے چترال میں شاندار فیسٹیول، بیس کیمپ سرگرمیاں اور مقامی قیادت میں پہلی بین الاقوامی مہم جوئی شروع کی جا رہی ہے۔
حکومت نے چترال، سوات اور مانسہرہ میں 20 کروڑ روپے کی لاگت سے ایڈونچر ٹورازم ٹریننگ سینٹرز قائم کر دیے ہیں، جہاں نوجوانوں کو کوہ پیمائی، ہوائی کھیل، سردیوں کی کھیلوں اور ریسکیو آپریشنز کی تربیت دی جائے گی۔ ساتھ ہی 298.6 ملین روپے سیکیورٹی اور مقامی افراد کی مہارت بڑھانے پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔
گلیات، نتھیا گلی، دیر اور ڈونگاگلی میں پہلی بار جدید ٹری ہاؤسز، زپ لائنز، بائیکنگ ٹریلز اور دیگر ایڈونچر سہولیات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔