نادیہ خان نے تنقید کرنیوالوں کے پرخچے اڑا دیئے
اگر اب کسی نے ان پر ذاتی حملے کرنے کی کوشش کی تو انہیں عدالت میں پیش ہونا پڑے گا' نہ صرف کرمنل ڈیفیمیشن بلکہ سول ڈیفیمیشن اور پیکا قوانین کے تحت بھی کیس دائر کرونگی

لاہور(شوبز ڈیسک) پاکستان کی نامور میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے اپنے اوپر تنقید کرنے والوں کے پرخچے اڑا کر رکھ دیئے ہیں جس کے بعد ایک نئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی نامور میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے انہیں تنقید کا نشانہ بنانے والے اداکاروں اور اینکرز کو قانونی کارروائی کی دھمکی دے دی۔ سپر اسٹار ہانیہ عامر کی بھارتی فلم سردار جی تھری کی ریلیز کے موقع پر نادیہ خان نے ہانیہ کی تعریفیں کرتے ہوئے بھارتی فلم میں ان کے کام کو سراہا تھاجب کہ اس سے قبل نادیہ نے اپنے ہی شو میں کہا تھا کہ ہانیہ بھارت میں کام کرکے اپنا وقت ضائع کررہی ہیں تاہم اداکارہ کی جانب سے اچانک اپنا بیان بدلنے پر سوشل میڈیا صارفین سمیت شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد نے ان پر تنقید کی تھی۔ اداکارہ ثروت گیلانی، فیصل قریشی، بہروز سبزواری اور یاسر حسین سمیت متعدد فنکار نادیہ کے شو پر تنقید کرچکے ہیں جب کہ حال ہی میں سینئر اداکارہ صبا فیصل نے بھی ایک ویڈیو پیغام میں نادیہ خان اور دیگر میزبانوں پر برہمی کا اظہار کیا۔
اب نادیہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اگر اب کسی نے ان پر ذاتی حملے کرنے کی کوشش کی تو انہیں عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر اخلاقیات کو پیسے اور شہرت کے لئے بیچا جائے تو پھر قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ نادیہ نے مزید کہا کہ نہ صرف کرمنل ڈیفیمیشن بلکہ سول ڈیفیمیشن اور پیکا قوانین کے تحت بھی کیس دائر کروں گی جس کے بعد ان افراد کو برسوں تک عدالت کے چکر لگانے پڑیں گے، یہ ان کی آخری وارننگ ہے اور آئندہ اگر کوئی ذاتی حملہ کیا گیا تو اس کے نتائج سنگین ہوں گے۔ ان کاکہنا تاھ کہ اب بہت ہو چکا ہے ، اگر کسی نے ذاتی نوعیت کا تبصرہ کیا تو اسے قانونی سطح پر جواب دینا ہوگا۔