امراض قلب اور کینسر سے بچنے کیلئے روزانہ کتنے قدم چلنے چاہیے؟
آپ کو اچھی صحت کے لیے روزانہ 10 ہزار قدم چلنے کی ضرورت نہیں بلکہ کچھ کم چلنے سے بھی صحت کو بہت زیادہ بہتر بناسکتے ہیں: طبی تحقیق میں انکشاف

آسٹریلیا (مانیٹرنگ ڈیسک) جان لیوا بیماری امراض قلب اور کینسر سے بچنے کے لئے روزانہ کتنے قدم چلنے چاہیے؟ اس حوالے سے سڈنی میں ہونے والی طبی تحقیق میں سب واضح ہوگیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق سڈنی یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جب بھی ممکن ہو تو روزانہ 7 ہزار قدم چلنے کی کوشش کریں۔ اس تحقیق میں ایسی 31 مختلف تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کیا گیا جن میں دیکھا گیا تھا کہ روزانہ کتنے قدم چلنے سے مختلف دائمی امراض جیسے ذیابیطس ٹائپ 2، ڈیمینشیا، کینسر، ڈپریشن، امراض قلب اور قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ تحقیق میں روزانہ 2 ہزار قدم چلنے والے افراد کے ڈیٹا کا موازنہ زیادہ چلنے والے لوگوں سے کیا گیا۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد روزانہ 7 ہزار قدم چلنے کے عادی ہوتے ہیں، ان میں کسی بھی وجہ سے جلد موت کا خطرہ 47 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
تحقیق میں مزید دریافت کیا گیا کہ زیادہ متحرک افراد میں امراض قلب کا خطرہ 25 فیصد جبکہ ڈیمینشیا کا خطرہ 38 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔ محققین نے بتایا کہ روزانہ 7 ہزار قدم سے زیادہ چلنے سے کوئی نقصان نہیں ہوتا بلکہ اضافی فائدہ ہی ہوتا ہے، مگر جو افراد زیادہ چلنا پسند نہیں کرتے ان کے لیے 10 ہزار کے مقابلے 7 ہزار قدم کا ہدف زیادہ آسان ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قدموں کی تعداد صحت کے بارے میں جاننے کا بھی اچھا پیمانہ ہے کیونکہ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ آپ جسمانی طور پر کتنے فٹ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ اچھی بات یہ ہے کہ چلنے پھرنے کے لیے آپ کو کسی جم میں جانے کی ضرورت نہیں، بس گھر میں چہل قدمی کریں، باہر نکل کر اردگرد کے مناظر کو دیکھیں۔