حکومتی دعوے ٹھس، مہنگائی کی شرح میں حیران کن اضافہ، غریب رل گئے

اسلام آباد(کھوج نیوز) مہنگائی کو کم کرنے کے حکومتی دعوے ٹھس ہو گئے ہیں، مہنگائی کی شرح میں حیران کن اضافے کے بعد غریب رل گئے ہیں اور دو وقت کی روٹی کیلئے بھی ترس رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.56 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ایک ہفتے میں ٹماٹر46.44 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ پیٹرول 1.72 اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 1.45 فیصد مہنگا ہوا، لہسن 1.41 اور پیاز 1.22 فیصد مہنگے ہوئے۔ اس کے علاوہ گھی، بیف، مٹن، دہی اور سگریٹس سمیت دیگر اشیا مہنگی ہوئیں۔ ایک ہفتے میں چکن 7.96 اور کیلے 0.78 فیصد سستے ہوئے، دالیں، آلو، کوکنگ آئل اور ایل پی جی سمیت دیگر اشیا کی قیمتیں بھی کم ہوئیں۔
ادارہ شماریات کا بتانا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 4.07 فیصد ہوگئی ہے۔ ادارہ شماریات کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں 19 اشیا مہنگی ہوئیں اور 12کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔