وویمن ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ’ پاکستان کی روایتی حریف کو عبرتناک شکست

راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک) وویمن ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 2025ء میں پاکستان نے روایتی حریف کو عبرتناک شکست دے کر اول پوزیشن حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 2025ء کا انعقاد سری لنکا میں ہوا جس میں انسپکٹر ارم خانم نے بھارتی ویٹ لفٹر سپنا کو شکست دے کر اول پوزیشن حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کرلیا جب کہ انہوں نے ورلڈ پاور لفٹنگ چمپیئن شپ 2025ء میں2 گولڈمیڈل حاصل کیے۔ راولپنڈی پولیس لائنز واپسی پرانسپکٹر ارم خانم کا شاندار استقبال کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔
اس موقع پر سی پی او خالد حمدانی کا کہنا تھا کہ انسپکٹر ارم خانم نے پنجاب پولیس اور پاکستان کا نام روشن کیا،ارم خانم پنجاب پولیس کا ایک روشن ستارہ ہیں جو محکمہ پولیس اور قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ راولپنڈی پولیس ترجمان نے کہا کہ انسپکٹر ارم خان کو اولمپک کی ٹارچ اٹھانے کیلئے دعوت نامہ مل گیا ہے، ارم خانم نے ڈیڈ لفٹ کے مقابلوں میں بھی اول پوزیشن حاصل کی ہے۔



