اسرائیلی فوج کی جارحیت جاری، مزید 56 سے زائد فلسطینی شہید
اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں پولیس کی گاڑی پر بھی حملہ کیا جس کے نتیجے میں پولیس کے 7 اہلکاروں سمیت 9 فلسطینی شہید ہوگئے
فلسطین (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج کی فلسطین میں جارحیت جاری، اسرائیلی فوج نے جبالیہ، نصیرت کیمپوں اور رفح پر بھی بمباری کی جس میں مزید 56 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں پولیس کی گاڑی پر بھی حملہ کیا جس کے نتیجے میں پولیس کے 7 اہلکاروں سمیت 9 فلسطینی شہید ہوگئے۔ ادھر یونی سیف کا کہنا ہے غزہ میں ہر 10 منٹ میں ایک بچہ جاں بحق یا زخمی ہو رہا ہے، غزہ کے بچوں کو بچانے کے لیے فوری جنگ بندی کی جائے۔ علاوہ ازیں اسرائیلی فوج کے جانے کے بعد خان یونس کے اسکولوں سے پھٹ نہ سکنے والے کئی بم اور گولہ بارود بھی برآمد ہوئے ہیں۔ دوسری جانب شمالی اسرائیل میں حزب اللہ کے ڈرون حملوں میں 3 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے جس کے جواب میں اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبے عین بعال پر ڈرون حملے میں حزب اللہ کے مقامی کمانڈر کو شہید کردیا۔