انٹرنیشنل

دنیا ایک نئے ہیرو شیما کو برادشت نہیں کرسکتی’ سعودی ولی عہد کا ایران کو کرارا جواب

ہم ہر روز اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے قریب آتے جا رہے ہیں، اسرائیل سے متعلق اب تک ہمارے اچھے مذاکرات کے ادوار گزرے ہیں

سعودی عرب(مانیٹرنگ ڈیسک ) سعودی عرب کے وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران کے ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے پر کہا کہ دنیا ایک نئے ہیرو شیما کو برداشت نہیں کرسکتی۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کو کسی بھی ملک کے جوہری ہتھیار حاصل کرنے یا استعمال کرنے پر تشویش ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ دنیا ایک نئے ہیروشیما کو برداشت نہیں کرسکتی، یہ ایک بری حرکت ہے اگر آپ ایٹمی ہتھیار استعمال کرتے ہیں تو آپ کو باقی دنیا کے ساتھ بھی لڑائی لڑنا پڑے گی۔جوہری ہتھیار رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ انہیں استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ ایک سوال کے جواب میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ہم ہر روز اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے قریب آتے جا رہے ہیں، اسرائیل سے متعلق اب تک ہمارے اچھے مذاکرات کے ادوار گزرے ہیں، ہمارے لیے مسئلہ فلسطین بہت اہم ہے اور ہمیں امید ہے ایک دن فلسطین کا مسئلہ حل ہوگا اور فلسطینیوں کی زندگی آسان ہوگی۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے مزید کہا کہ امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات ہمیشہ مضبوط اور مستحکم رہے ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ اسامہ بن لادن امریکہ سمیت سعودی عرب کا بھی دشمن تھا، اسامہ بن لادن کی تنظیم القاعدہ نے سعودی عرب کو بھی نقصان پہنچایا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ماضی میں ہمارے بہت سے مسائل تھے مگر اب ہم بڑے وژن کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں. ہم سعودی وژن 2030 کے اہداف کو تیزی سے حاصل کر رہے ہیں۔ ہماری ترجیح معیشت کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا ہے ہم جلد ہی دنیا کی مضبوط ترین معیشت کے طور پر دنیا میں کھڑے ہونگے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button