انٹرنیشنل

زلزلہ کی پیشگوئی سب سے پہلے جانور دیتے ہیں یا ٹیکنالوجی؟ حیران کن تحقیق

ایسا بالکل ممکن ہے کیونکہ زلزلے کی بڑی لہر سے پہلے ایک یا کئی ایسی چھوٹی لہریں آتی ہیں جنہیں جانور اپنی حسیات کے ذریعے محسوس کر لیتے ہیں

امریکہ (مانیٹرنگ ڈیسک) یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے ایک تحقیقی مقالے کے مطابق تاریخ میں پیچھے جائیں تو زلزلے سے قبل جانوروں کا اسے محسوس کر لینے کا ذکر قدیم یونان میں 373 قبل مسیح میں ملتا ہے جہاں یہ دیکھا گیا کہ ایک طاقتور زلزلے سے کئی روز قبل علاقے سے سانپ، چوہے، نیولے اور کنسلے ہجرت کر گئے تھے۔ سال2004ء میں بحر ہندمیں زیر زمین زلزلے کے بعد سونامی آیا جس نے چودہ ممالک میں تباہ کاریاں پھیلائیں۔ نیشنل جیوگرافی کے مطابق سونامی آنے سے کچھ دیرپہلے بھی کہیں مقامی لوگوں نے ہاتھی چنگھاڑتے ہوئے اونچائی کی طرف جاتے دیکھے تو، کہیں بگلے نشیب میں اپنی پناہ گاہیں چھوڑتے ہوئے ملے اور کسی کے پالتو جانور باہر نکلنے سے انکاری تھے تو کہیں چڑیا گھروں میں جانور دبکے ہوئے تھے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ایسا بالکل ممکن ہے کیونکہ زلزلے کی بڑی لہر سے پہلے ایک یا کئی ایسی چھوٹی لہریں آتی ہیں جنہیں جانور اپنی حسیات کے ذریعے محسوس کر لیتے ہیں۔ یہ وہی ویوز ہوتی ہیں جن کا کھوج زلزلے کی پیشگوئی کرنے والی مشینیں بھی لگا لیتی ہی مگر چھوٹی اور بڑی لہر کے درمیان جیسا کہ پہلے ذکر کیا گیا، بہت کم، محض سیکنڈز کا فرق ہوتا ہے۔ یعنی زلزلہ آنے سے پورے چودہ منٹ قبل بڑی تعداد میں پرندوں نے اس علاقے سے نقل مکانی کی۔ یہ حرکت چھوٹی اور بڑی لہروں کے آنے سے کافی پہلے کی تھی اگر غور کریں تو اس کا مطلب یہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ زمین کی تہوں میں منٹوں، گھنٹوں یا ممکنہ طور پر دنوں پہلے کچھ ایسا ہورہا ہوتا ہے جس سے انسان اور ٹیکنالوجی انجان ہوتے ہیں۔

اٹلی میں اگست اور نومبر دو ہزار سولہ کے درمیان سوا دو مہینے کے عرصے میں تین قابل ذکر زلزلے آئے اور ان تین زلزلوں کے درمیان ہزاروں آفٹر شاکس۔ جرمنی کے معتبر میکس پلینک انسٹیٹیوٹ سے وابستہ سائنسدان اور پرندوں کے علم کے ماہر مارٹن وائکیلسکی نے زلزلوں سے قبل جانوروں کے رویے پر تحقیق کے لئے وسطی اٹلی میں نورشیا زلزلے کے مرکز کے قریب ہی فارم کے جانوروں سے بائیو لاگنگ ٹیگس منسلک کیے ۔ ان جانوروں میں گائے، بھیڑیں اور کتے شامل تھے۔ اس تحقیق میں دیکھا گیا کہ زلزلوں یا شاکس سے بیس گھنٹے قبل تک فارم پر موجود جانوروں کی حرکات و سکنات غیر معمولی ہوجاتیں اور وہ پہلے سے پچاس فیصد زیادہ بے چین یا متحرک نظر آتے اور ایسا ایک وقت میں پینتالیس منٹ سے زیادہ عرصے تک جاری رہتا۔ ان حرکات اور تبدیلیوں کی بنا پر اسٹڈی سے منسلک سائنسدانوں نے 4 اعشاریہ صفر سے زیادہ کے آٹھ زلزلوں کی پیشگوئیاں کیں جن میں سات درست ثابت ہوئیں۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ اسٹڈی ایک ایسے مقام پر کی گئی جس کے قریب ہی زلزلے کا مرکز موجود تھا۔ جس کے ہزاروں آفٹرشاکس چھوٹے بڑے زلزلوں کی صورت میں آئندہ مہینوں میں ظاہر ہوتے رہے۔ زلزلوں سے قبل جانوروں کی حرکات چینی اور جاپانی سائنسدانوں کے لئے بھی دلچسپی کا باعث رہی ہیں۔

4 فروری 1975 کو دس لاکھ کی آبادی والے چین کے شمال مشرقی شہر ہائیچینگ میں سات اعشاریہ تین شدت کے زلزلے میں عمارتیں گرنے سے جانی نقصان بہت ہی کم ہوا کیونکہ علاقے میں بیس دن قبل ہی کسی بڑے زلزلے کے آنے کی پیش گوئی کر دی گئی تھی جس کی وجہ سے شہری پہلے ہی عمارتیں خالی کرچکے تھے۔ یہ پیش گوئی دسمبر کے مہینے سے آنے والے چھوٹے زلزلوں کے پیٹرن، زمینی پانی کی تبدیل ہوتی سطح اور جانوروں کی غیر معمولی حرکات کو دیکھ کر کی گئی تھی مگر ایک سال بعد ہی جولائی 1976 میں چین ہی کے صنعتی شہر تینگشان میں، جس کی آبادی بھی لگ بھگ دس لاکھ ہی تھی ، سات اعشاریہ چھ شدت کا زلزلہ آیا جس کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی جا سکی۔ یہ زلزلہ شہر کی تقریبا” ایک چوتھائی آبادی نگل گیا۔

ہائیچینگ زلزلے کی پیش گوئی کی سائنسی تحقیق کے لئے چین پہنچنے والی امریکی سائنسدانوں کی ایک ٹیم کی تحقیقی رپورٹ کے مطابق ہائیچجنگ زلزلے کی پیشگوئی کا ماخذ علاقے میں تواتر سے آنے والے چھوٹے زلزلے یا پیشگی شاکس تھے۔ رپورٹ کے مطابق باقی تمام عوامل سیحتمی طور پر کوئی نتیجہ اخذ نہیں کیاجاسکتا۔

1977 میں امریکی کانگریس نے زلزلوں کی پیش گوئی کے کسی ممکنہ قابل بھروسہ طریقہ کارپر تحقیق کے لئے اور زلزلوں کے نقصانات میں کمی کے لئے قومی پروگرام ترتیب دیا جس میں امریکی جیولوجکل سروے نامی ادارہ، وفاقی ایمرجنسی مینیجمنٹ ادارہ ،قومی ادارہ برائے معیارات اور ٹیکنالوجی اور قومی سائنس فانڈیشن مل کر کام کر رہے ہیں۔ یہ پروگرام اب بھی جاری ہے مگر حالیہ برسوں میں اس پروگرام کا مرکزی نکتہ ہے زلزلے کی پیشگوئی پر تحقیق کے ساتھ موجودہ وارننگ نظام کو بہتر بنانا اور زلزلہ پروف انفراسٹرکچرپر انحصار میں اضافہ کرنا۔

زلزلوں سے قبل جانوروں کا پریشان ہونا، پرندوں کا اڑ جانا یا چھٹی حس کے ذریعے پہلے سے جان لینا، ایسی باتیں ہم سنتے آئے ہیں اور کچھ اسٹدیز سے اس بات کو تقویت بھی ملتی ہے۔ وائلڈ لائف ماہرین کی بڑی تعداد بھی یہ یقین رکھتی ہے کہ جانوراپنی تیز سماعت اوردیگر حسیات کے ذریعے انسانوں سے بہت پہلے قدرتی آفات کو سننے اور محسوس کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دوسری طرف سائنس کے لئے جانوروں کے رویوں اور حرکات میں تبدیلیاں ایسی متواتراور قابل بھروسہ نہیں کہ انہیں ہر بار زلزلوں کی پیشگی اطلاع کے لئے مستند طریقہ کار کے طور پر استعمال کیا جاسکے اسی لئے پیشگی وارننگ کے لئے مزید تحقیق کے ساتھ ساتھ حکومتیں ایسے انفراسٹرکچر کی تیاری کو اہمیت دے رہی ہیں جو زلزلوں کو برداشت کر سکیں۔

نصیر الدین شاہ کی مغلوں کے تاج محل کو گرانے کی دھمکی ‘ نئی جنگ کا آغاز

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button