ملک بھر کےچھوٹے بڑے شہروں میں 7 محرم الحرا م کے جلوس برآمد،بعض مقامات پرموبائل سروس معطل،ڈبل سواری پرپابندی
مجالس منعقد کی جا رہی ہیں، نوحہ و مرثیہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔ کوئٹہ میں ساتویں محرم الحرام کا جلوس آج برآمد ہو گا، جلوس کے روٹس کو سیل کر دیا گیا ہے

لاہو(کھوج نیوز)ملک بھر کےچھوٹے بڑے شہروں میں 7 محرم الحرا م کے جلوس برآمد،بعض مقامات پرموبائل سروس معطل،ڈبل سواری پرپابندی دیکھنے میں آئی ۔رپورٹس کے مطابق ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں 7 محرم الحرا م کے جلوس برآمد ہو رہے ہیں، مجالس منعقد کی جا رہی ہیں، نوحہ و مرثیہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔ کوئٹہ میں ساتویں محرم الحرام کا جلوس آج برآمد ہو گا، جلوس کے روٹس کو سیل کر دیا گیا ہے، اس موقع پر شہر بھر میں موبائل فون سروس بند اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی رہی۔کوئٹہ میں ساتویں محرم الحرام کا جلوس آج دوپہر 2 بجے آرٹ سکول روڈ سے برامد ہوا جو مقررہ راستے پرنس روڈ سے ہوتا ہوا میگانگی روڈ پہنچا۔اس موقع پر پولیس، ایف سی اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے گزشتہ رات ہی جلوس کے راستوں کو سیل کر دیا تھا جبکہ کسی بھی ناخوش گوار صورتِ حال سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی تھی۔جلوس کی سکیورٹی کے لئے 2500 سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ساتویں محرم الحرام کی مناسبت سے کوئٹہ میں آج صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک موبائل فون اور انٹر نیٹ ڈیٹا سروسز بند اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی رہے گی۔
پشاور میں7 محرم الحرام کے موقع پر سی سی پی او قاسم علی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور محرم الحرام سے متعلق سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سی سی پی او پشاور قاسم علی نے کہا کہ شہر میں امن و امان کے قیام اور سکیورٹی کے لئے پر عزم ہیں، جلوس کے راستوں اور امام بارگاہوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔بہاولنگر میں علم کا مرکزی جلوس امام بارگاہِ جامع الزہرہ سے برآمد ہوا جس میں عزادارانِ حسین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔اس موقع پرسکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے جبکہ جلوس کے راستوں میں نیاز اور ٹھنڈے مشروبات کی سبیلوں کا اہتمام بھی کیا گیا۔روایتی ماتمی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام 7 بجے امام بارگاہِ جامع الزہرہ واپس پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔چکوال میں 7 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہِ سر پاک سے بر آمد ہوا جو چھپڑ بازار سے ہوتا ہوا امام بارگاہِ مہاجرینِ سادات پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔چکوال میں 7 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کی نگرانی کے لئے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جہاں ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج سمیت دیگر محکموں کے افسران موجود ہیں۔کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوس سمیت شہر بھر کی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔چکوال میں جلوس کی سکیورٹی کے لئے پولیس و ایلیٹ فورس کے 1250 اہلکار و افسران تعینات ہیں۔
میانوالی میں 7 محرم کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لئے 1677 افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔پولیس کے ترجمان کے مطابق میانوالی میں 756 رضاکار بھی سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔جھنگ میں 7 محرم الحرام کی مناسبت سے علم اور ذوالجناح کا مرکزی جلوس امام بارگاہِ مہاجرین سے برآمد ہو کر روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔