لاہور کے تاریخی مقامات پر تحفظ وبحالی کا کام جاری
تاریخی شاہدرہ کمپلیکس کے تحفظ و بحالی کے لیے بہت سے منصوبہ جات پر کام کر رہی ہے: ڈپٹی ڈائریکٹر کنزرویشن والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی

لاہور(کھوج نیوز)ڈپٹی ڈائریکٹر کنزرویشن والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا کہنا ہے کہ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی تاریخی شاہدرہ کمپلیکس کے تحفظ و بحالی کے لیے بہت سے منصوبہ جات پر کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دریائے راوی کے کنارے واقع مغل دور کا ایک مشہور فن تعمیر کا شاہکار ہے۔ اس جگہ میں اکبری سرائے مسجد اور باغ دلکش،شہنشاہ جہانگیر، ملکہ نور جہاں اور آصف جاہ کے مقبرے بھی شامل ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کنزرویشن والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا کہنا تھا کہ اس تاریخی کمپلیکس کو آنے والی نسلوںکے لیے محفوظ بنانے کے لئے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے ایک مشاورتی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی میں محکمہ آثار قدیمہ پنجاب، آغا خان کلچرل سروس پاکستان اور والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی تکنیکی ٹیم شامل ہے۔
انھوں نے تحفظ و بحالی کے کاموں کی تفصیلات کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتا یا کہ عمارتوں کے ڈھانچے کا استحکام، عمارتوں میں موجود شگاف کی مرمت، گنبد کی مرمت، بیرونی دیواروں کے سرخ ریت کے پتھر کی تبدیلی، گمشدہ فرشوں کو دوبارہ تیار کرنا، فریسکو لائننگ کے کام اور غالب کاری کے کام جاری ہیں۔