زاکر کچن کا باب ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا,معروف شیف زاکر قریشی انتقال کر گئے
پاکستان کے معروف شیف اور ٹی وی شخصیت زاکر قریشی گزشتہ رات کراچی میں انتقال کر گئے

کراچی(کھوج نیوز)پاکستان کے معروف شیف اور ٹی وی شخصیت زاکر قریشی گزشتہ رات کراچی میں انتقال کر گئے۔ ان کے بھتیجے عبد الولی شیان قریشی نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شیف زاکر کا انتقال رات 7 بجے ہوا۔شیف زاکر گزشتہ پانچ سال سے امریکہ میں مقیم تھے اور 20 دن قبل ہی وطن واپس آئے تھے۔ شیان قریشی کے مطابق ان کے گردوں کے مسائل کی وجہ سے انہیں ڈائلیسز پر رکھا گیا تھا۔زاکر قریشی کی نمازِ جنازہ آج عصر کے بعد کراچی کے علاقے سعودآباد میں ادا کی جائے گی۔
شیف زاکر کو کھانے پکانے کا ماہر سمجھا جاتا تھا۔ انھوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز 1980 میں کراچی کے شیرٹن ہوٹل(موجودہ مووین پک)سے بطور اپرنٹس کیا۔ ان کے خاندان کا تعلق بھی روایتی باورچیوں سے تھا، اس لیے کھانے پکانے کا شوق وراثت میں ملا۔
شیف زاکر نے دنیا بھر کے مشہور ریستورانوں میں خدمات انجام دیں، جن میں بوٹسوانا، متحدہ عرب امارات، کیریبین، سنگاپور اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ پاکستان واپس آ کر انہوں نے 2005 میں اپنا پہلا شو انڈس ٹی وی پر کیا، جس سے وہ ایک مشہور شخصیت بن گئے۔